آستانہ (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے محلِ وقوع کے اعتبار سے تجارت کی اہم گزرگاہ ہے، افغانستان دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات کرے، افغانستان کی زمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے، افغانستان میں امن کا قیام ہمارا مشترکہ ہدف ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے مخاطب ہو کر خوشی ہورہی ہے، شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن کی چیئر کی حیثیت سے قازقستان نے بہترین کردار ادا کیا ہے، شنگھائی تعاون تنظیم خطہ کے عوام کی سماجی ومعاشی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے چیلنجز مشترکہ ہیں اور ہمیں مل کر ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرنا ہے، خطہ میں امن و سلامتی کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کا کردار اہم ہے، ہمیں خطہ کے روشن مستقبل کیلئے خود کو جغرافیائی اور سیاسی محاذ آرائی سے آزاد کرنا ہو گا، وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن رکن ممالک کے درمیان مقامی کرنسی کے استعمال کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن ترقیاتی منصوبوں کیلئے متبادل فنڈنگ کا طریقہ کار وضع کرے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے محلِ وقوع کے اعتبار سے تجارت کی اہم گزرگاہ ہے، افغانستان دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات کرے، افغانستان کی زمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے، افغانستان میں امن کا قیام ہمارا مشترکہ ہدف ہے اور اس کیلئے افغانستان کی عبوری حکومت سے بامعنی بات چیت کرنا ہو گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ریاستی دہشتگردی کی کھل کر مذمت کرنا ہو گی، اقوامِ متحدہ کی قراردادیں تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے موجود ہیں، فلسطین پر جاری مظالم کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، فلسطینیوں کو ان کا حقِ آزادی ملنا چاہیے، پاکستان القدس دارالحکومت کے ساتھ آزاد فلسطینی ریاست کا مطالبہ کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کیلئے گزشتہ روز تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے سے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ پہنچے تھے، اس سے ایک روز قبل وزیراعظم شہباز شریف تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچے تھے جہاں تاجکستان کے وزیراعظم نے ان کا استقبال کیا تھا جبکہ بعدازاں قصرِ ملت پہنچنے پر تاجکستان کے صدر نے وزیراعظم کا استقبال کیا تھا اور تاجکستان کی مسلح افواج کے دستوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات بھی ہوئی جس میں دونوں راہنماؤں کے مابین باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہِ خیال ہوا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ولادیمیر پیوٹن کو پانچویں بار روسی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔