اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ہمارے اراکینِ قومی اسمبلی کو اغواء کرنے کیلئے آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کو استعمال کر رہے ہیں۔
قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ میں نے دو روز پہلے ٹویٹ کیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف ہمارے اراکینِ قومی اسمبلی کو اغواء کرنے کیلئے آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کو استعمال کر رہے ہیں، انٹیلیجنس ایجنسیز کے ڈائریکٹر جنرلز کو چاہیے کہ وہ سیاسی معاملات میں مداخلت سے باز رہیں۔
عمر ایوب نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کے ڈائریکٹر جنرلز پاکستان کے اندر بڑھتی ہوئی دہشتگردی پر توجہ دیں جس کو انڈیا سپانسر کر رہا پے، آپ سے بڑھتی ہوئی دہشتگردی کا حساب لیا جائے گا کیونکہ آپ اپنی ذمہ داریوں کو نظر انداز کر رہے ہیں۔
سنی اتحاد کونسل کے راہنما عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہمارے رکنِ قومی اسمبلی امیر سلطان کو آج صبح 4 بجے پنجاب پولیس اور انٹیلیجنس اہلکاروں نے لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے اغواء کر لیا ہے اور اس دوران ان کے عملہ کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے، گزشتہ روز ہمارے رکنِ قومی اسمبلی میاں فیاض کے چھوٹے بھائی انجینئر امتیاز کو بھی پنجاب پولیس اور انٹیلیجنس اہلکاروں نے اغواء کر لیا تھا۔
عمر ایوب کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے تمام اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ اور ان کے اہلِ خانہ ہدایات کے مطابق محفوظ مقامات پر رہیں۔