نیویارک (تھرسڈے ٹائمز) — سپریم کورٹ کے جج جسٹس اطہر من اللہ نے نیویارک بار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں آئینی حکومتوں کی عدم پنپنے کی وجوہات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ابتدا ہی سے پاکستان میں آئینی حکومتیں پنپ نہیں سکیں، جس کی وجہ ان لوگوں کی مداخلت تھی جو ملک پر حکومت کرنے کا حق نہیں رکھتے تھے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے میموگیٹ کیس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ سپریم کورٹ کو نہیں لینا چاہیے تھا کیونکہ یہ ایگزیکٹو کے ڈومین میں مداخلت تھی۔ ہمارے ایک سفیر کو سپریم کورٹ نے غدار قرار دے دیا اور ایک منتخب وزیراعظم کو اس کے عہدے سے نااہل قرار دیا گیا، جو سپریم کورٹ کا کام نہیں تھا۔
اس موقع پر جسٹس اطہر من اللہ نے انکشاف کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جن چھے ججز نے خط لکھا ہے ان میں سے پانچ ججز میں نے ڈھونڈ کر لگائے تھے۔
جج کے حلف کی تقدس پر زور دیتے ہوئے جسٹس من اللہ نے کہا کہ اگر حلف کی پاسداری کی جاتی تو آج عدلیہ آزاد ہوتی۔ ہر فیصلے پر عملدرآمد ہونا چاہیے اور یہ جج کا فرض ہے کہ وہ فیصلوں پر عملدرآمد کروائے۔ بصورت دیگر عدلیہ کی حیثیت بطور ایک ادارہ کمزور ہو جاتی ہے۔
جسٹس من اللہ نے سپریم کورٹ کے غیر آئینی عمل کو جائز قرار دینے کے اختیار کی مخالفت کی اور کہا کہ جب آئین کی خلاف ورزی ہوتی ہے اور اگر سپریم کورٹ آئین کی حفاظت اور دفاع کے اپنے فرض میں ناکام رہتی ہے، تو جج بدعنوانی کے مرتکب ہوتے ہیں اور ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔
جسٹس من اللہ نے اپنی لا فرم، آفریدی شاہ اینڈ من اللہ، کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دو قریبی دوست بھی سپریم کورٹ میں جج کے طور پر موجود ہیں۔ انہوں نے اپنے پانچ سالہ دور بطور جج اور چار سال بطور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے تجربات بھی شیئر کیے اور بتایا کہ مجھے کبھی ایسا تجربہ نہیں ہوا کہ کسی اتھارٹی نے میری فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے کی کوشش کی ہو۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے موجودہ حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے جسٹس من اللہ نے کہا کہ اگر کسی نے منتخب وزیراعظم عمران خان کو غیر آئینی طریقہ سے ہٹانے کی کوشش کی ہوتی تو یہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا امتحان ہوتا کہ وہ آئین کی سربلندی کے لیے کھڑی ہوتی یا نہیں۔
جسٹس من اللہ نے رات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کھلنے کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا، میں اپنے گھر پاجامے میں بیٹھا ہوا تھا جب میری اہلیہ نے مجھے بتایا کہ ایک ٹی وی چینل نے شور ڈالا ہوا تھا کہ چیف جسٹس رات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کیوں پہنچا ہوا ہے۔ اس چینل نے ایسی صورتحال بنائی ہوئی تھی جیسے مارشل لا لگنے جارہا ہو۔”
جسٹس من اللہ نے کہا کہ اگر جج اپنے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کروا سکتا، تو یہ عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کو نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہر فیصلے پر عملدرآمد ہونا چاہیے اور یہ جج کا فرض ہے کہ وہ اس کی پاسداری کروائے۔