اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ مریم نواز شریف اور خواتین صحافیوں کے بارے میں جیسی باتیں کی گئیں وہ قابلِ برداشت نہیں ہیں، علی امین گنڈا پور پنجاب آئیں ہم انہیں زلفوں سے باندھ کر الٹا لٹکائیں گے، جنہوں نے آج اپنی اولاد کو نہیں مانا وہ باپ کو کیا مانیں گے؟
پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ عمران خان کہتے ہیں آج سے ہمارے دروازے بند ہیں اور ہم ہم بات نہیں کریں گے، میں پوچھتا ہوں کہ آپ سے بات کرنے کون آیا ہے؟ ہمیں بھی تو بتائیں کہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے بات کرنے آیا کون ہے، کوئی آئے گا تو آپ بات کریں گے نا، آپ نے کیا دروازے بند کرنے ہیں۔
سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف کی منافقت دیکھیں کہ جن نیب ترامیم کے خلاف تھی آج انھی سے فائدہ حاصل کرنے میں سب سے آگے ہے، ان لوگوں نے ملک کو ڈیفالٹ کرنے کیلئے آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا، یہ فوج سے بات کرنے کیلئے مر رہے ہیں، ہم پاکستان کو کرکٹ ٹیم نہیں بننے دیں گے، ہم پاکستان کو تباہ نہیں ہونے دیں گے۔
ایوانِ بالا کے رکن فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ہم پارلیمنٹ میں گرفتاریوں کی مذمت تب کرتے جب یہ پاکستان کو توڑنے اور پاکستان میں آگ لگانے کی بات نہ کرتے، انہوں نے شرم و حیا ختم کر دی ہے، انہوں نے جس طرح مریم نواز شریف کے بارے میں بات کی ہے اور جیسے خواتین صحافیوں کے بارے میں بات کی وہ قابلِ برداشت نہیں ہے، پھر یہ لوگ کہتے ہیں کہ ہم پٹھان ہی، ان کو چاہیے پٹھانوں کو بدنام نہ کریں۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کہتے ہیں کہ پنجاب آؤں گا اور ڈھول بارات لے کر آؤں گا، یہ کیسی گفتگو ہے؟ گنڈاپور سے کہتا ہوں کہ آپ آئیں، آپ کی زلفوں کی قسم آپکی لٹ سے لٹا کر آپ کو بتائیں گے، آپ پنجاب یا سندھ یا اسلام آباد آئیں ہم آپ کو ڈھول باجوں کے بغیر لٹائیں گے، زلفوں سے باندھ کر الٹا لٹکائیں گے اور مٹھائی کا ٹوکرا بھی دیں گے، ہم آپکو گنڈاپور سے بنڈاپور بنا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہماری ماؤں بہنوں بیٹیوں کا لحاظ نہیں ہو گا تو کچھ نہیں بچے گا، انہوں نے مریم نواز شریف کے بارے میں جو زبان استعمال کی ہے وہ قابلِ برداشت نہیں ہے، میں 15 سالوں تک تحریکِ انصاف میں رہا لیکن جب میری ضعیف والدہ کا انتقال ہوا تو ان کے لیڈر نے میری والدہ کی وفات پر ٹرولنگ کی، علی امین گنڈاپور کہتے ہیں کہ ہم جیل توڑیں گے، یہ لوگ اس بات کا مطلب نہیں جانتے۔
سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ میں نے ارشد شریف کے قتل سے متعلق ابھی ایک ثبوت پیش کیا ہے تو تحریکِ انصاف کی چیخیں نکل رہی ہیں، میں نے مزید ثبوت دینے شروع کیے تو انہیں منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی، انہوں نے ارشد شریف کو اپنی سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا، ان کے تمام لوگ کمپرومائزڈ ہیں، یہ لوگ فوج سے بات کرنے کیلئے ترلے کر رہے ہیں، یہ اندر خانے معافیاں مانگ رہے ہیں اور پاؤں پکڑ رہے ہیں۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ جنہوں نے آج اپنی اولاد کو نہیں مانا وہ باپ کو کیا مانیں گے؟ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنے ادارے میں احتساب کر کے ایک ماحول بنایا ہے جس سے گھٹن کم ہو رہی ہے، ہمیں بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، میں کمزور آدمی نہیں ہوں، فرنٹ سے لڑتا ہوں اور یہ کوئی میری آخری کرسی نہیں ہے۔
سینیٹ اجلاس میں سینیٹر فیصل واوڈا کی تقریر کے دوران پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین نے شور شرابہ کیا جبکہ سینیٹر فلک ںاز نے فیصل واوڈا کو گالی دی اور نازیبا زبان استعمال کی جس کے بعد چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے تحریکِ انصاف کی سینیٹر فلک ناز کو 2 روز کیلئے معطل کر دیا۔