اسلام آباد (دی تھرسڈے ٹائمز) — الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیرِاعظم آفس کو مُلک کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کیلئے وفاقی حکومت کی باضابطہ تحریری درخواست بھیجنے کیلئے دو ہفتے کی مہلت دی ہے اور خبردار کیا ہے کہ جواب نہ ملنے کی صورت میں وہ ”مناسب احکامات جاری کرنے پر مجبور“ ہو گا۔
یہ ہدایت 10 نومبر کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ کے حکم نامے میں دی گئی، جو انتخابات میں تاخیر سے متعلق کیس کی سماعت کر رہا ہے۔ یہ بورڈز پنجاب (20)، خیبر پختونخوا (11)، سندھ (8) اور بلوچستان (3) میں واقع ہیں۔
اگست سے تاخیر کا شکار
حکم نامے کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی حکومتوں کی مدت 11 اپریل کو ختم ہو گئی تھی۔ الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 219(4) کے تحت کمیشن مدت ختم ہونے کے 120 دن کے اندر بلدیاتی انتخابات کرانے کا پابند ہے، یوں انتخابات کی آخری تاریخ 8 اگست بنتی تھی۔
کمیشن نے 11 جنوری کو تمام 42 بورڈز میں وارڈز کی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کیا اور 20 اپریل کو حتمی فہرستیں شائع کیں۔ انتخابات کا اعلان کرنے سے پہلے اسے کنٹونمنٹس ایکٹ 1924 کی دفعہ 19-ڈی(2) کے تحت وفاقی حکومت کی باضابطہ تحریری درخواست بھی درکار ہے۔
حکم نامے کے مطابق کمیشن نے 14 مئی اور 16 جون کو سیکریٹری دفاع کو خط لکھے اور 3 جون کو یاد دہانی کرائی، جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے 16 جولائی کو وزیرِاعظم کو خط لکھ کر مداخلت کی درخواست کی۔ اس کے بعد 31 جولائی سے 9 اکتوبر کے درمیان مزید خطوط اور یاد دہانیاں بھیجی گئیں۔
وزارتِ دفاع تیار ہے
10 نومبر کی سماعت میں وزارتِ دفاع کے قانونی مشیر بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) فلک ناز اور ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل خلیل احمد رانا نے کمیشن کو بتایا کہ وزارت انتخابات کرانے کیلئے تیار ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وزارت درخواست پہلے ہی وفاقی حکومت کو بھیج چکی ہے، اس کی جانب سے کوئی تاخیر نہیں ہوئی اور معاملہ وزیرِاعظم آفس میں زیرِ التوا ہے۔
کمیشن نے کہا کہ وہ اور وزارتِ دفاع دونوں انتخابات کرانے کیلئے تیار ہیں۔ آئین کے آرٹیکل 140-اے اور 219 اور الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219 کا حوالہ دیتے ہوئے، جو اسے صوبوں، اسلام آباد اور کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا پابند بناتے ہیں، کمیشن نے اپنے دفتر کو ہدایت کی کہ وزیرِاعظم آفس سے ایک بار پھر باضابطہ خط کے ذریعے رابطہ کیا جائے۔ کیس کی دوبارہ سماعت تین ہفتے بعد ہو گی۔
یہ حکم نامہ دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق غیر یقینی صورتحال میں مزید اضافہ کرتا ہے۔ جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد کے 20 دسمبر کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کر دیا، جبکہ ایک دن پہلے چیف الیکشن کمشنر نے وفاقی حکومت پر انہیں سبوتاژ کرنے کی کوشش کا الزام لگایا تھا۔



