لندن—پاکستان مسلم لیگ نواز کے قائد میاں نواز شریف نے لندن میں جماعت کے راہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ، فیض حمید، ثاقب نثار، آصف سعید کھوسہ اور عظمت سعید ملک و قوم کے مجرم ہیں۔
تین بار پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہونے والے میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ 2017 کے ہنستے بستے پاکستان کو سازش کے تحت تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا اور کھلنڈروں کے ٹولے کو ملک پر مسلط کر دیا گیا، جب تک تمام سازشی کردار کیفرِ کردار تک نہیں پہنچائے جائیں گے تب تک پاکستان آگے نہیں بڑھ سکے گا۔
اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر میاں شہباز شریف، مسلم لیگ نواز کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف، سابق وزیرِ خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور جماعت کے دیگر راہنما موجود تھے۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم میاں شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف کی واپسی کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، نواز شریف نے مشورے کیلئے بلایا تھا، میں گوجرانوالہ گیا ہوں نہ میری وہاں کوئی ملاقات ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ نواز کے قائد میاں نواز شریف چار برس وطن سے دور رہنے کے بعد اگلے ماہ 21 تاریخ کو پاکستان واپس آ رہے ہیں جبکہ ان کی جماعت نے شاندار استقبال کا اعلان کر رکھا ہے۔