اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کو القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، نیب کی تفتیشی ٹیم کی جانب سے جیل حکام کو عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ موصول ہو گئے جبکہ سپرنٹینڈنٹ اڈیالہ جیل کے ذریعہ عمران خان سے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل بھی کروا لی گئی ہے۔
احتساب عدالت نے نیب کی طرف سے دائر کی گئی درخواست پر توشہ خانہ کیس اور القادر ٹرسٹ کرپشن کیس عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جبکہ جج محمد بشیر کی جانب سے سپرنٹینڈنٹ اڈیالہ جیل کو وارنٹ کی تعمیل کیلئے قانون کے مطابق اقدامات کا حکم بھی جاری کیا گیا۔
عدالتی احکامات کے بعد نیب کی تفتیشی ٹیم نے تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کو 190 ملین پاؤنڈز کے القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں گرفتار کر کے شاملِ تفتیش کر لیا جبکہ اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ایک گھنٹہ سے زیادہ وقت تک پوچھ گچھ بھی کی گئی اور اسی کیس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی بطور ملزمہ شاملِ تفتیش کرتے ہوئے سوالنامہ دے دیا گیا ہے۔
واضع رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت سائفر کیس میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں جبکہ نیب کی جانب سے اب انہیں القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔