بیجنگ (تھرسڈے ٹائمز) – چینی اخبار ”چائنہ ڈیلی“ کے مطابق چین کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ”ماؤ ننگ“ نے کہا ہے کہ چین انسدادِ دہشت گردی پر دوہرے معیار کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور انسدادِ دہشت گردی کیلئے تعاون کو مضبوط بنانے کی حمایت کرتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خود کو پاکستانی حکام کے حوالہ کرنے والے ”بلوچ نیشنل آرمی“ کے ایک کمانڈر نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی حمایت کرتا ہے اور بلوچستان کی علیحدگی پسند قوتوں کی خفیہ طور پر مالی معاونت کر رہا ہے، بلوچ حکام کے مطابق صوبے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی کارروائیوں کی بڑی وجہ بھارت کی جانب سے دہشت گردوں کی حمایت اور دہشتگردی کا استعمال ہے۔
چائنہ ڈیلی کے مطابق ترجمان چینی وزارتِ خارجہ نے بدھ کے روز پریس بریفنگ کے دوران اس رپورٹ کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے متعلقہ رپورٹس دیکھی ہیں، دہشت گردی انسانیت کی مشترکہ دشمن ہے جبکہ دہشت گرد گروہوں کی حمایت کرنا، انہیں استعمال کرنا اور انہیں بین الاقوامی اور علاقائی سلامتی کے معاملات کو نقصان پہنچاتے ہوئے اپنے مفادات کیلئے پھلنے پھولنے دینا دہشتگردی کے خلاف دوہرے معیار کی عکاسی ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف مشترکہ طور پر لڑنے کیلئے تمام ممالک کے ساتھ انسدادِ دہشت گردی تعاون کو مضبوط بنانے کا عزم رکھتا ہے۔