دی ہیگ/نیدرلینڈز (تھرسڈے ٹائمز) — عالمی عدالتِ انصاف کے چیف پراسیکیوٹر کریم خان نے کہا ہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت حماس کے راہنما یحییٰ سنوار اور اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے خلاف جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں وارنٹ گرفتاری طلب کر رہی ہے۔
کریم خان نے کہا ہے کہ عالمی عدالتِ انصاف 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملوں اور اس کے نتیجہ میں غزہ میں ہونے والی جنگی جرائم کی بنیاد پر حماس راہنما یحییٰ سنوار اور اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رہی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اسرائیلی وزیرِ دفاع یوو گیلنٹ، حماس کے دو سرکردہ راہنماؤں محمد دیاب ابراہیم المصری (محمد دیف) اور اسماعیل ہنیہ کے وارنٹ بھی طلب کر رہی ہے۔
یہ پہلی بار ہو رہا ہے کہ عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی سی) نے امریکہ کے کسی قریبی اتحادی کی اعلٰی شخصیات کو نشانہ بنایا ہے، اس سے قبل عالمی عدالت انصاف نے امریکہ مخالف روسی صدر ولادیمیر پوٹن کیلئے یوکرین کے خلاف ماسکو کی جنگ پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی سی) کے ججز کا ایک پینل کریم خان کی درخواست پر وارنٹ گرفتاری کیلئے غور کرے گا۔
کریم خان نے کہا ہے کہ یحیٰی سنوار، اسماعیل ہنیہ اور دیاب ابراہیم المصری کے خلاف قتل، یرغمال بنانے، عصمت دری اور حراست میں جنسی زیادتی جیسے الزامات ہیں جبکہ بنجمن نیتن یاہو اور یوو گیلنٹ کے خلاف نسل کشی کا باعث بننے، جنگ کے دوران بھوک سے مارنے، انسانی امداد کی فراہمی کو روکنے اور جان بوجھ کر تنازعات میں شہریوں کو نشانہ بنانے کے الزامات ہیں۔