اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وفاقی حکومت نے وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کر دیا ہے جس میں کم از کم ماہانہ تنخواہ 32 ہزار روپے سے بڑھا کر 36 ہزار روپے کر دی گئی جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشنز میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، بجٹ دستاویز کے مطابق گریڈ 1 سے گریڈ 16 کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وفاقی حکومت کی جانب سے گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک کے سرکاری افسران کی تنخواہوں میں 22 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کی پینشنز میں بھی 22 فیصد تک اضافہ کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔