اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — واشنگٹن (تھرسڈے ٹائمز) – انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے مطابق اس کا ایگزیکٹو بورڈ 25 ستمبر کو پاکستان کے 7 ارب ڈالرز قرض کی درخواست کا جائزہ لے گا۔
عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) نے تصدیق کی ہے کہ اس کا ایگزیکٹو بورڈ 25 ستمبر کو پاکستان کے 7 ارب ڈالرز قرض کی درخواست کا جائزہ لے گا، پاکستان نے آئی ایم ایف کی جانب سے عائد سخت شرائط پوری کر لی ہیں جن میں ٹیکس آمدن میں 40 فیصد اضافہ اور توانائی کی قیمتوں میں اضافہ شامل ہیں، یہ قرض پاکستان کیلئے معاشی استحکام اور زرمبادلہ ذخائر ذخائر میں اضافہ جیسے مقاصد پورے کرے گا۔
انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی ترجمان جولی کوزاک نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے اپنے ترقیاتی پارٹنرز سے ضروری مالیاتی یقین دہانی حاصل کر لی ہے جبکہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے بتایا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے علاوہ دیگر مالیاتی ذرائع سے 2 ارب ڈالرز سے زائد کا انتظام کر لیا ہے جس سے قرضوں کی منظوری میں کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) سے مذاکرات میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو قرضوں پر انحصار کم کرتے ہوئے خود انحصاری کی جانب قدم بڑھانا ہو گا۔