جکارتہ (تھرسڈے ٹائمز) — ایک نئی تحقیق کے مطابق ستمبر میں جنگلات اور زمین پر لگنے والی آگ کے زہریلے دھوئیں سے انڈونیشیا میں اندازاً 3,560 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ خشک سالی سے بھڑکنے والی آگ نے جزائر کے بڑے حصوں اور ہمسایہ ممالک کو دھند کی لپیٹ میں لے لیا۔
ہیلسنکی میں قائم سینٹر فار ریسرچ آن انرجی اینڈ کلین ایئر، سی آر ای اے (CREA) نے کہا کہ ستمبر میں فضائی آلودگی سے منسلک اموات 42 فیصد بڑھ کر اندازاً 5,310 ہو گئیں، جو اگست میں تقریباً 3,740 تھیں۔ ان میں سے 3,560 اموات آگ کے دھوئیں کے باعث ہوئیں، جبکہ شہری اور صنعتی ذرائع سے مسلسل اخراج مزید 1,750 اموات کا سبب بنا۔
بورنیو کا علاقہ کالیمنتان اور سماٹرا سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق کالیمنتان میں فضائی آلودگی سے ہونے والی 94 سے 99 فیصد اموات اور سماٹرا میں 80 فیصد سے زیادہ اموات آگ کے دھوئیں کے باعث ہوئیں، جبکہ جاوا میں اموات زیادہ تر شہری اور صنعتی آلودگی سے منسلک رہیں۔
سی آر ای اے کے مطابق ستمبر میں ریکارڈ 5 کروڑ 80 لاکھ افراد ایسی ہوا کی زد میں آئے جسے “غیر صحت بخش” سے “خطرناک” درجے تک قرار دیا گیا۔ صرف کالیمنتان میں مہینے کے بدترین دنوں میں خطرناک ہوا میں سانس لینے والوں کی تعداد تقریباً تین گنا بڑھ کر 28 لاکھ سے 64 لاکھ ہو گئی۔
انڈونیشیا ال نینو موسمی رجحان کے تحت شدید خشک سالی سے بھڑکنے والی آگ سے نبرد آزما ہے، اور اس کے دھوئیں نے ملائیشیا، سنگاپور، فلپائن اور مشرقی تیمور میں آلودگی کی سطح بڑھا دی ہے۔ اپنے ردعمل پر بڑھتی ہوئی تنقید کا سامنا کرنے والی حکومت نے بدھ کو کہا کہ اس نے کلاؤڈ سیڈنگ اور آگ بجھانے کے لیے 72,000 سے زائد افراد تعینات کیے ہیں، 2,100 سے زائد ڈاکٹروں اور طبی عملے کو متحرک کیا ہے اور 53 لاکھ ماسک تقسیم کیے ہیں۔



