اسلام آباد (دی تھرسڈے ٹائمز) — سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ وراثتی جائیداد میں وارث کا حق مالک کی وفات کے لمحے ہی قائم ہو جاتا ہے اور وقت گزرنے سے ختم نہیں ہوتا۔ فیصلے میں ریونیو حکام کو یہ بھی حکم دیا گیا ہے کہ وراثتی جائیداد کی منتقلی سے پہلے خواتین سمیت ہر قانونی وارث کو اطلاع دی جائے۔
پانچ رکنی بینچ نے قرار دیا کہ وراثت کے دعوے کی میعاد اُسی وقت شروع ہوتی ہے جب وارث کو اپنے حصے سے واضح اور کھلے انکار کا علم ہو۔ عدالت نے کہا کہ جب تک انکار اور وارث کا اُس سے آگاہ ہونا، دونوں ثابت نہ ہوں، کوئی عدالت یہ فرض نہیں کر سکتی کہ میعاد شروع ہو چکی ہے۔
جسٹس شاہد وحید نے فیصلے میں لکھا: ”وقت وارث کے خلاف نہیں چلتا، وہ وارث کے کسی زیادتی سے آگاہ ہونے کے خلاف چلتا ہے۔ وارث کا حق، جو وفات کے لمحے قائم ہو جاتا ہے، وقت کے ساتھ کبھی ختم نہیں ہوتا۔“ فیصلے پر جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس عقیل عباسی، جسٹس شکیل احمد اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے بھی دستخط ہیں۔
میعاد وفات سے نہیں، علم سے: چھ سال
بینچ نے کہا کہ اگرچہ حق خود ختم نہیں ہوتا، لیکن اسے نافذ کرانے کا مقدمہ بدستور قانونِ میعاد 1908 کے تابع ہے، جسے عام دیوانی عدالتیں نظر انداز نہیں کر سکتیں۔ شریک ورثا کے تنازعات میں اس قانون کے آرٹیکل 120 کے تحت چھ سال کی میعاد اُسی وقت شروع ہوتی ہے جب وارث کی ملکیت سے واضح انکار اُس کے علم میں لایا جائے۔
جو وارث جان لے کہ اُس کا حصہ دینے سے انکار کیا جا رہا ہے اور چھ سال تک کچھ نہ کرے، اُس کا دعویٰ ختم ہو سکتا ہے۔ تاہم صرف انتقال کے ریکارڈ سے کسی وارث کا نام نکل جانے سے میعاد شروع نہیں ہوتی، اور ایک وارث کے قبضے سے باقی ورثا کے حقوق ختم نہیں ہوتے۔ ورثا اپنے پیش رو کے وہ دعوے بھی وراثت میں پاتے ہیں جو اُس نے کبھی دائر نہیں کیے۔
ورثا کے تحفظ کے احکامات
آئین کے آرٹیکل 187 کے تحت عدالت نے صوبائی اور علاقائی ریونیو حکام کو ہدایت کی کہ نادرا کے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ یا تمام قانونی ورثا کی فہرست والی کسی مساوی دستاویز کے بغیر وراثتی انتقال درج نہ کیا جائے۔ خواتین سمیت ہر وارث کو اُس کے پتے پر تحریری نوٹس بھیجا جائے، اور جس وارث کو پورے حصے سے کم ملنا ہو، اُس کا بیان ریکارڈ کیا جائے۔
وراثتی جائیداد کے ہبہ، فروخت، دستبرداری یا تصفیے کے کسی بھی معاملے میں متعلقہ وارث خود پیش ہو، اُس کی شناخت کی تصدیق کی جائے اور وہ تصدیق کرے کہ اُسے اپنے پورے حصے کا علم ہے۔ عدالت نے کہا کہ جہاں ممکن ہو، ایسے معاملات خاتون ریونیو افسر کے سپرد کیے جائیں۔
رجسٹریشن اور ترقیاتی اداروں، کنٹونمنٹ بورڈز اور کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو ہدایت کی گئی کہ جانشینی سرٹیفکیٹ، لیٹرز آف ایڈمنسٹریشن یا عدالتی ڈگری کے بغیر وراثتی جائیداد منتقل نہ کریں اور پہلے ہر وارث کو اطلاع دیں۔ ضم شدہ قبائلی اضلاع سمیت نئے سروے شدہ علاقوں میں سیٹلمنٹ افسران تمام قانونی ورثا کے نام ریکارڈِ اراضی میں درج کریں۔
جعلی انگوٹھے اور غائب بہنیں
فیصلے میں ورثا کو دھوکہ دینے کے عام طریقے بیان کیے گئے: منتقلی کے کاغذات پر جعلی انگوٹھے، زبانی ہبہ کے من گھڑت دعوے، ایسے حلف نامے جن میں بہنوں کے نام نکال دیے جاتے ہیں، خواتین سے ایسی دستاویزات پر دستخط یا انگوٹھے لگوانا جو وہ پڑھ نہیں سکتیں، اور جانشینی سرٹیفکیٹ لینے کے لیے خاندان کی پوری شاخ کو چھپا لینا۔
عدالت نے کہا کہ ترکے کی تقسیم میں تاخیر کا سب سے زیادہ نقصان بیواؤں، بیٹیوں، نابالغ بچوں اور یتیموں کو ہوتا ہے، اور اس سے خاندانی جھگڑے اور دھوکہ دہی بڑھتی ہے۔ عدالت نے یہ سفارش بھی کی کہ پارلیمنٹ قانون سازی کر کے وراثتی جائیداد کی بروقت اور درست تقسیم کو قانونی ذمہ داری بنائے۔



