کراچی—انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے کے اثرات پاکستان کی سٹاک مارکیٹ پر نمایاں نظر آنے لگے، 14 ماہ بعد 44 ہزار پوائنٹس کی حد بحال ہو گئی جبکہ انڈیکس 44178.85 پوائنٹس پر بند ہوا۔
آج سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز میں ہی ہنڈرڈ انڈیکس میں 43.29 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے سرمایہ کاری کے رجحان میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا، 12 بجے کے قریب انڈیکس میں 400 پوائنٹس کی تیزی سامنے ائی جس کا تسلسل دو گھنٹوں تک برقرار رہا۔
سٹاک مارکیٹ میں اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس میں 626.02 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، اس تیزی کے باعث پاکستان کی سٹاک مارکیٹ میں 14 ماہ کے بعد پوائنٹس کی حد 44 ہزار سے تجاوز کر گئی اور انڈیکس 44178.85 پوائنٹس پر پہنچ کر بند ہوئی۔
سرمایہ کاروں کو سٹاک مارکیٹ میں اس غیر معمولی کاروباری دن پر 100 ارب سے زائد کا فائدہ حاصل ہوا جبکہ کاروبار میں 1.44 فیصد کی بحالی سامنے آئی۔