لاہور—پاکستان مسلم لیگ نواز کی چیف آرگنائزر اور سینیئر نائب صدر محترمہ مریم نواز شریف نے لاہور میں جماعت کے مختلف ونگز کی میٹنگز میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے چیف جسٹس آف سپریم کورٹ بننے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ آج سے عدل کے ایوانوں میں انصاف کی واپسی شروع ہو گی اور میری دعا ہے کہ اب ترازو کے پلڑے سب کیلئے برابر ہوں گے۔
مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بغض میں عوام کو سزا دی گئی، نواز شریف سے دشمنی کی سوچ دراصل پاکستان اور پاکستان کے عوام سے دشمنی کی سوچ ہے، امید ہے کہ اب نواز شریف اور ان کے ساتھیوں کو پراجیکٹ کے کارندوں کی ناانصافیوں سے نجات ملے گی، نواز شریف اور ان کے ساتھیوں نے بہادری اور ثابت قدمی کے ساتھ ان تمام ناانصافیوں کا مقابلہ کیا ہے۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ نواز کا کہنا تھا کہ اللّٰه تعالیٰ نے نواز شریف کو سرخرو فرمایا ہے اور اب پاکستان کو سرخرو کرنا ہے، اللّٰه تعالیٰ نے نواز شریف کو مائنس کرنے والی ہر سازش کو مائنس کیا اور ہر بار نواز شریف کو پلس کر دیا، نواز شریف اور ان کے ساتھی ہی ملک و قوم کو موجودہ مسائل کی دلدل سے نکال سکتے ہیں، اللّٰه تعالیٰ نے پاکستان اور پاکستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی نواز شریف کے مقدر میں لکھ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک نئی شروعات کی ضرورت ہے، پاکستان کو انتقام، افراتفری اور ٹکراؤ سے نجات دلانا ہو گی، ہم ترقی کا سفر صوبہ سندھ سمیت ملک کے ہر کونے میں لے کر جائیں گے۔ ہماری جنگ مہنگائی، معاشی بدحالی اور بیڈ گورننس کے خلاف ہے، ہم عوام کے چہروں پر معاشی اطمینان دیکھنا چاہتے ہیں۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی کو ختم کیا تھا، اب مہنگائی میں کمی کا وعدہ بھی پورا کریں گے، نواز شریف نے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا تھا، اب نواز شریف پاکستان کو معاشی طور پر بھی ناقابلِ تسخیر بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام نواز شریف کو اپنے ووٹ سے مضبوط کریں گے تو ہم مہنگائی کو کم کر سکیں گے، پاکستان کے عوام نواز شریف کو سیاسی طور پر جتنا مضبوط کریں گے، پاکستان معاشی طور پر اتنا ہی مضبوط ہو گا۔