مسلم لیگ ن کے سپریم لیڈر میاں نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ (ایکس) پر اپنے پیغام میں اسرائیل کی فلسطین پر جارحیت کو پوری انسانیت پر حملہ قرار دیا ہے۔
میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ فلسطین میں بچوں اور خواتین سمیت ہزاروں بےگناہ شہریوں کی شہادت انسانی ضمیر کیلئے ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، دنیا کو جان لینا چاہیے کہ مسئلہ فلسطین کے مستقل حل کے بغیر پائیدار امن ہمیشہ خطرات میں گھرا رہے گا۔
تین بار پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہونے والے میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان آج بھی ہمیشہ کی طرح فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
قائد ن لیگ نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ حکومت کو چاہیے کہ ہر عالمی فورم پر فلسطینی کاز کے حق میں آواز اٹھائے نیز مصیبت زدہ فلسطینی عوام کو خوراک، ادویات اور دیگر انسانی ضروریات کی فراہمی کیلئے فوری کاروائی کرے۔