ریاض (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان کے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سعودی عرب کے دارالحکومت “ریاض” میں ہونے والے عرب ممالک اور او آئی سی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی شدید ترین مذمت کرتے ہیں، اسرائیل نے غزہ کو جہنم بنا دیا ہے، فلسطینیوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، اس قتلِ عام کو فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ عالمی قوانین بےگناہ شہریوں کے قتلِ عام سے روکتا ہے، سلامتی کونسل پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ غزہ میں جاری قتلِ عام کو روکے، اقوامِ متحدہ نے 70 برس قبل مسئلہ فلسطین کو قرارداد کے ذریعہ حل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، عالمی میڈیا غزہ میں بامقصد اور موزوں انداز میں کوریج کو یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کا واحد اور مستقل حل جون 1967 سے پہلے کی بنیادوں پر ایک محفوظ اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام میں مضمر ہے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو، غزہ پر اسرائیلی بمباری سے سکولز، ہاسپٹلز اور اقوامِ متحدہ کے دفاتر بھی محفوظ نہ رہ سکے، اس مسئلہ کا مستقل حل فلسطین کی خودمختار ریاست کا قیام ہے، فوری طور پر غیر مشروط سیز فائر ہونا چاہیے۔
عرب ممالک اور او آئی سی کی مشترکہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی طرف سے عالمی قوانین کی سرِ عام خلاف ورزی کی جا رہی ہے، تاریخ میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی، غزہ میں نسل کشی کو روکا جائے، فلسطینیوں کا قتلِ عام بند ہونا چاہیے۔