اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور پاکستان کے سابق وزیراعظم ذوالفقار بھٹو کی پھانسی کو عدالتی قتل قرار دینے کا صدارتی ریفرنس سماعت کیلئے مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جبکہ ریفرنس آئندہ ہفتے میں سماعت کیلئے مقرر ہونے کا امکان ہے۔
ذوالفقار بھٹو کی پھانسی کو عدالتی قتل قرار دینے کے صدارتی ریفرنس کی سماعت کیلئے لارجر بینچ تشکیل دیئے جانے کی توقع کی جا رہی ہے جس کی سربراہی سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کریں گے۔
پیپلز پارٹی کے بانی کی پھانسی کو عدالتی قتل قرار دینے کا ریفرنس 2011 میں پیپلز پارٹی کی حکومت میں اُس وقت کے صدر آصف علی زرداری کے ذریعہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں دائر کیا گیا تھا جس کی سماعت کیلئے اُس وقت کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے اپنی سربراہی میں 11 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا تھا۔
سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں 11 رکنی لارجر بینچ کے تحت اِس صدارتی ریفرنس پر 3 جنوری 2012 سے 12 نومبر 2012 تک 6 سماعتیں ہوئیں تاہم کوئی فیصلہ نہ سنایا گیا جبکہ 11 برس بعد اب اِس ریفرنس کو دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کیا جا رہا ہے۔