اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان کے سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے بھارتی ایجنٹس پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث ہیں، بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کو فنڈنگ فراہم کر رہا ہے جبکہ پاکستان کے پاس اس حوالہ سے مصدقہ شواہد موجود ہیں۔
سیکرٹری خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی ایجنٹس اشوک کمار اور یوگیش کمار نے پاکستان میں شہری قتل کرائے ہیں، فی الحال ہم دو مقدمات سامنے لا رہے ہیں، شاہد لطیف کو سیالکوٹ میں مسجد کے باہر قتل کیا گیا جبکہ راولاکوٹ میں پاکستانی شہری محمد ریاض کو مسجد میں قتل کرایا گیا، قاتل کے انڈیا کے ساتھ مصدقہ لنکس ملے ہیں۔
سائرس سجاد قاضی کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے عالمی سطح پر ریاستی قتل کی روایت قائم کی ہے، انڈین ایجنٹس نے پاکستان میں قاتلانہ حملوں کیلئے محفوظ غیر ملکی سرزمین سے ٹیکنالوجی اور محفوظ پناہ گاہوں کا استعمال کیا، مودی حکومت نے کینیڈا میں خالصتان تحریک کے راہنما کو قتل کرایا۔
سیکرٹری خارجہ کے مطابق ٹارگٹ کلر محمد عمیر نے پانچ ٹارگٹ کلرز کی ٹیم تشکیل دی، قاتل عمیر 12 اکتوبر کو ملک سے فرار ہو رہا تھا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قاتل عمر کو اس کے ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔