ملتان (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) سمجھتی ہے کہ انہوں نے میچ فکس کر لیا ہے لیکن 8 فروری کو ہمارا تیر شیر کا شکار کرے گا، ہم مسلم لیگ (ن) کے ساتھ نہیں چل سکتے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں حیران ہوں مسلم لیگ (ن) نے آج تک اپنا منشور پیش نہیں کیا، میں جو بھی کہتا ہوں مسلم لیگ (ن) اس کی نقل کر کے اعلان کر دیتی ہے، میں نے 300 یونٹس مفت بجلی کا اعلان کیا تو مسلم لیگ (ن) نے مذاق بنایا لیکن پھر اگلے روز ہی مفت بجلی کے یونٹس دینے کا اعلان کر دیا، مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف اب عوام کو بےوقوف نہیں بنا سکتے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پرانے سیاستدانوں نے سیاست کو ذاتی دشمنی میں بدل دیا، میں پاکستانی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ ایک ایسی نئی سوچ کو چنو جس سے ہم نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کر سکیں، ہم پورے پاکستان کو جوڑیں گے اور ایک ہو کر اس معاشی بحران، مہنگائی اور بےروزگاری کا مقابلہ کریں گے، ہم ایک طاقتور اور ترقی یافتہ پاکستان بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والے سیاستدان چوتھی بار بھی کرسی کیلئے کوشش کر رہے ہیں مگر عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ 8 فروری کو تیروں کی بارش ہو گی، جیت عوام کی ہو گی، جیت پیپلز پارٹی کی ہو گی، ہر سال اشرافیہ کو 1500 کی سبسڈی دی جاتی ہے، میرا وعدہ ہے کہ اس سبسڈی کو بند کیا جائے گا اور یہ پیسہ عوام پر خرچ کیا جائے گا، میں 17 غیر ضروری وزارتوں کو بھی بند کروں گا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملتان کے جیالوں نے ہر مشکل وقت میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا، 8 فروری کو ایک نئی شروعات ہو گی اور مشکل وقت کا خاتمہ ہو گا، پیپلز پارٹی اقتدار میں آ کر ملک سے غربت، مہنگائی، بےروزگاری اور دہشتگردی کا خاتمہ کرے گی، ہم پاکستان کے مزدوروں، کسانوں، محنت کشوں اور پسماندہ طبقے کی نمائندگی کرتے ہوئے بلاتفریق سب کیلئے کام کریں گے۔
سابق وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ہم آپ کی طاقت اور ووٹوں سے جیتیں گے اور آپ کی حکومت بنائیں گے، پاکستان کے مسائل کے حل نکالنا ہے تو 10 نکاتی عوامی معاشی معاہدہ پر عمل کرنا ہو گا، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو عوام کی طرف دیکھ رہی ہے کیونکہ پیپلز پارٹی طاقت کا سرچشمہ عوام کو سمجھتی ہے۔