سیالکوٹ (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سپریم لیڈر میاں نواز شریف نے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے ساتھ جو ظلم ہوا میں وہ برداشت کر رہا ہوں لیکن جو ظلم پاکستان کاور پاکستان کے عوام کے ساتھ کیا گیا وہ میں برداشت نہیں کر سکتا، مجھ سے دشمنی میں پاکستان اور اس کے عوام کو نقصان پہنچایا گیا۔
میاں نواز شریف نے اپنے خطاب کے آغاز میں جلسہ کے شرکاء کا جوش و جذبہ دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور کارکنان کی جانب سے “میاں صاحب آئی لو یو” کے نعروں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف بھی آپ سے بہت زیادہ پیار کرتا ہے، نواز شریف سیالکوٹ کے عوام سے بہت محبت کرتا ہے، میاں نواز شریف نے خواجہ آصف سمیت سیالکوٹ اور دیگر شہروں کے مسلم لیگی راہنماؤں کا نام لے کر ان کی خدمات اور جماعت کے ساتھ وفا کو سراہا۔
قائد مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ باوفا اور بہادر لوگوں کا شہر ہے، سیالکوٹ کا نام پورے برصغیر میں گونجتا ہے، سب سے بڑا باوفا شخص خواجہ آصف ہے جو میرے ساتھ کھڑا ہے، خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارا 34 سال کا سیاسی تعلق ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہمارا تعلق 55 سالوں کا ہے، میں اور خواجہ آصف گورنمنٹ کالج لاہور میں ایک ساتھ پڑھتے تھے اور ایک ساتھ گریجویشن مکمل کی، مجھے خواجہ آصف کے والد محترم کے ساتھ پر بھی فخر ہے جنہوں نے میری پولیٹیکل ٹریننگ کی، وہ ایک بہت اچھے انسان اور بہت اچھے سیاستدان تھے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں جب وطن واپس آیا تو میں نے خواجہ صاحب سے کہا کہ میں نے سیالکوٹ آنا ہے کیونکہ مجھے سیالکوٹ سے بڑا پیار ہے، ہم نے یہاں موٹروے بنائی لیکن ہم اس کا افتتاح نہ کر سکے اور نہ وہی وہ دیگر موٹرویز کے معیار کے برابر ہے، یہ ٹھیک نہیں بنائی گئی، ہم انشاءاللّٰه سیالکوٹ کیلئے نئی موٹروے بنائیں گے، ہم نے قسم کھائی ہے کہ ہم نے اپنے عوام کی خدمت کیلئے سب کچھ کر گزرنا ہے۔
میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم ایسا پروگرام بنائیں گے کہ جن نوجوانوں کے ہاتھوں میں ڈگریاں ہیں انہیں آسان قرضہ فراہم کیا جائے گا جس سے وہ اپنا باعزت کاروبار شروع کر سکیں گے، ہم انشاءاللّٰه آپ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی میں وسائل مہیا کریں گے، ہم بچوں اور بچیوں سب کو بلاامتیاز سہولیات فراہم کریں گے، ہم بہت پیچھے جا چکے ہیں، نوجوانوں کے ہاتھ میں باعزت روزگار ہونا چاہیے تھا، اگر ہمارا راستہ نہ روکا جاتا تو آج کوئی بےروزگار نہ ہوتا۔
مسلم لیگ (ن) کے سپریم لیڈر نے کہا کہ نواز شریف روٹی چار روہے پر چھوڑ کر گیا تھا جو آج 25 روپے کی ہو چکی ہے، پیٹرول کا ریٹ 65 روپے فی لیٹر تھا جو آج بلندیوں کو چھو رہا ہے، پچاس روپے کلو والی چینی آج کہاں پہنچ چکی ہے، آج بجلی و گیس غریب کی دسترس سے باہر ہو چکی ہیں، جنہوں نے ملک کے ساتھ اتنا بڑا ظلم کیا ہے ان سے سوال پوچھنا چاہیے، آج آپ اپنا گھر نہیں بنا سکتے، بچیوں کی شادی نہیں کر سکتے، غریب شخص کیلئے دو وقت کی باعزت روٹی مشکل ہو چکی ہے۔
قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ میرے ساتھ جو ظلم ہوا وہ میں برداشت کر رہا ہوں لیکن جو ظلم پاکستان کے عوام کے ساتھ کیا گیا وہ میں برداشت نہیں کر سکتا، ہم بہت پیچھے جا چکے گئے ہیں، ہمیں دوبارہ 2017 والے مقام تک پہنچنے کیلئے بہت زیادہ محنت کرنا پڑے گی اور اس کیلئے ہمیں عوام کا بھرپور ساتھ چاہیے، آپ سب کو ہمارے ساتھ محنت کرنا پڑے گی۔