لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان کی تاریخ کی پہلی خاتون وزیرِ اعلٰی مریم نواز شریف نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلے 100 دنوں میں ہی پنجاب میں ترقی و خوشحالی کا ایک انقلاب برپا کر دیا ہے، محض 100 دنوں میں اتنا کام کر دیا ہے کہ جو گزشتہ حکومت پانچ سالوں میں بھی نہ کر سکی بلکہ اگر اسے مزید پانچ سال بھی دے دیئے جاتے تب بھی کسی مؤٹر ترقیاتی اقدام کی توقع نہ تھی۔
مریم نواز شریف نے بطور وزیرِ اعلٰی پنجاب نواز شریف آئی ٹی سٹی کی صورت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے، رمضان المبارک میں غریب اور مستحق خاندانوں کیلئے نگہبان پیکیج، چھوٹے کسانوں کیلئے نواز شریف کسان کارڈ، بجلی کا بوجھ کم کرنے کیلئے سولر سسٹم سکیم، طلباء و طالبات کیلئے چیف منسٹر بنائیک سکیم، امراضِ قلب اور دیگر بیماریوں مین مبتلا افراد کیلئے مفت دواؤں کی فراہمی، صحت کے شعبہ میں نئے فیلڈ ہاسپٹلز، کلینکس آن وہیلز، پچیس سو بنیادی مراکز صحت اور ائیر ایمبولینسز سمیت متعدد انقلابی اقدامات سے صوبہ کے روشن مستقبل کا ایک دلکش نقشہ پیش کر دیا ہے۔
صرف یہی نہیں بلکہ ڈی ایچ کیوز اور ٹی ایچ کیوز کی اپ گریڈیشن، خواتین کو ہراسانی اور دیگر مسائل سے بچانے کیلئے نیور اگین پراجیکٹ، لوگوں کی زندگیوں سے کھیلتی پتنگ بازی کے خلاف اقدامات، کالجز اور یونیورسٹیز کے ہونہار طلبہ کیلئے لیپ ٹاپ سکیم، مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے سستی روٹی اور سستا آٹا، عوام الناس کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سمارٹ سیف سٹی پراجیکٹ، خصوصی بچوں کیلئے تعلیمی وسائل کی فراہمی، خواتین پولیس کیلئے ہاسٹلز کا قیام اور جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے وائلڈ لائف سروے سمیت مؤثر اقدامات سے پنجاب کو ترقی و خوشحالی کے ایک نئے سفر پر گامزن کر دیا ہے۔
وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے ورچوئل خواتین پولیس سٹیشنز کے قیام، پنجاب بھر میں مفت وائی فائی ہاٹ سپاٹس کی سہولت اور لاہور گارمنٹ سٹی کے علاوہ سڑکوں کی تعمیر پر بھی خاص توجہ دی ہے، اس حوالہ سے نئے ایکسپریس ویز میں ملتان سے وہاڑی ایکسپریس وے، فیصل آباد سے چنیوٹ ایکسپریس وے، بہاولپور سے چنگرا ایکسپریس وے، ساہیوال سے سمندری ایکسپریس وے اور چیچہ وطنی سے لیہ ایکسپریس وے شامل ہیں۔
بطور وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے لڑکیوں کیلیے سی ایم پنک گیمز کے انعقاد کا بھی قدم اٹھایا ہے جو یقیناً کالجز اور یونیورسٹیز کی طالبات کیلئے غیر نصابی سرگرمیوں کے حوالہ سے ایک بڑا فیصلہ ہے، اس سے نہ صرف کھیلوں کے میدان میں نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا بلکہ پنجاب کی بہنوں اور بیٹیوں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہو گا۔
مریم نواز شریف نے ان اقدامات اور منصوبوں کی صورت میں پنجاب کے روشن مستقبل کی ایک مضبوط بنیاد رکھ دی ہے، انہوں نے صحت، تعلیم، ٹیکنالوجی، زراعت، سڑکوں اور دفاع سمیت ان تمام شعبوں پر توجہ دی ہے جو براہِ راست عوامی فلاح و بہبود، ترقی و خوشحالی اور تحفظ کے ساتھ وابستہ ہیں، مریم نواز شریف نے بطور وزیر اعلٰی ایک ایسی راہ کا تعین کیا ہے جس کی منزل ایک ترقی یافتہ اور جدید پنجاب ہے۔