اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف اب پاکستان کے وجود کیلئے خطرہ بن چکی ہے، تحریکِ انصاف کو تمام فنڈنگ اور امداد امریکہ سے مل رہی ہے، تحریکِ انصاف کی امریکہ مخالف مہم نُورا کُشتی تھی، آج پورا امریکی نظام تحریکِ انصاف کے حمایت میں بول رہا ہے۔
وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے تحریکِ انصاف نے اقتدار سے ہاتھ دھویا ہے تب سے وہ پاکستان کے وجود کیلئے خطرہ بن گئی ہے، تحریکِ انصاف دہشتگردی کے واقعات کی مذمت تک نہیں کرتی اور نہ کسی شہید کے جنازہ یا فاتحہ خوانی کیلئے جاتی ہے، پاکستان کو دہشتگردی کی صورت میں ایک بہت بڑا چیلنج درپیش ہے جبکہ تحریکِ انصاف دہشتگردی کے خلاف آپریشن کی مخالفت کر رہی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف خیبرپختونخوا میں بھی کسی فوجی شہید کے اہلِ خانہ سے یکجہتی نہیں کرتی حالانکہ وہاں ان کی دس برس سے زائد عرصہ سے حکومت ہے، خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات بڑھ رہے ہیں، کئی علاقوں میں رات کو تحریکِ انصاف کی صوبائی حکومت کی رٹ ختم ہو جاتی ہے، یہ دہشتگردوں کا مقابلہ کیوں نہیں کرتے؟ ان کا رویہ دہشتگردوں کے سامنے معذرت خواہانہ کیوں ہے؟
وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف کو تمام فنڈنگ اور امداد امریکہ سے مل رہی ہے، تحریکِ انصاف کے لابسٹس بھی وہیں کام کر رہے ہیں جبکہ وہاں تحریکِ انصاف نے متعدد لابنگ فرمز بھی ہائر کر رکھی ہیں، عمران خان اور تحریکِ انصاف کی امریکہ مخالف مہم صرف ایک نُورا کُشتی تھی، آج پورا امریکی نظام تحریکِ انصاف کے حمایت میں بول رہا ہے۔
راہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ ملک میں غیر یقینی صورتحال ہے جس میں سیاستدانوں کے ساتھ ساتھ عدلیہ کا بھی حصہ ہے، توہینِ عدالت کی باتیں کی جاتی ہیں تو توہینِ عدالت تب بھی ہوتی ہے جب جسٹس منیر نظریہِ ضرورت پر مبنی فیصلہ دیتا ہے، جب ذوالفقار بھٹو کو پھانسی لگانے کا فیصلہ آتا ہے اور جب ججز مارشل لاء کی توثیق کرتے ہیں، جب عدلیہ کے فیصلے آئین کی بجائے سیاسی بنیادوں پر آئیں تو معاملات کیسے چل سکتے ہیں؟
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میں نے چاروں مارشل لاء دیکھے ہیں، مارشل لا کے چاروں ادوار کی جو صورتحال تھی آج اس سے کہیں زیادہ گھمبیر صورتحال ہے، پاکستان میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے بعد بہت جلد آئینی میلٹ ڈاؤن کا خطرہ ہے، فچ ریٹنگز نے اپنی رپورٹ میں 18 ماہ میں حکومت کے خاتمہ سے متعلق جو بات کی ہے اس میں وزن ہے، لوگ ٹیکنوکریٹ حکومت میں شامل ہونے کیلئے تیار بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف اب پاکستان کے وجود کیلئے خطرہ بن چکی ہے، تحریک انصاف پر پابندی عائد ہونی چاہیے تاہم اس پابندی کا اعلان وقت سے پہلے کر دیا گیا، اس کیلئے اتحادیوں سے مشاورت ضروری ہے مگر اتحادیوں سے مشاورت نہیں کی گئی، ہم اتحادیوں سے مشاورت کریں گے اور پھر اس کے بعد اتفاقِ رائے سے فیصلہ کریں گے۔
وفاقی وزیرِ دفاع نے کہا ہے کہ الیکشن 2024 کو منسوخ کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں مگر ہم ایسی کسی بھی صورتحال کا بھرپور دفاع کریں گے، الیکشن کے نتیجہ میں ہمیں جو سپیس ملی ہے ہم اس کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے اور اس سلسلہ میں ہمارے پاس جو جو دوا موجود ہے اس کو استعمال کریں گے۔