خیبرپختونخوا میں 152 ارب روپے کی مالی بےضابطگیاں، ریاست مخالف سوشل میڈیا پراپیگنڈا پر کروڑوں خرچ کیے گئے، عطاء تارڑ

خیبرپختونخوا حکومت نے 10 ماہ میں کرپشن کی انتہا کر دی۔ صوبہ میں 152 ارب روپے کی مالی بےضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔ کروڑوں روپے ریاست مخالف سوشل میڈیا پروپیگنڈا پر خرچ ہو رہے ہیں، قرض کا بوجھ 725 ارب روپے ہو چکا ہے۔

لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر وائٹ پیپرز جاری کر دیئے، وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی 152 ارب روپے کی مالی بےضابطگیاں سامنے آئی ہیں، عوام کا پیسہ سوشل میڈیا پراپیگنڈا کیلئے خرچ کہا جا رہا ہے، صوبائی حکومت کے قرض کا بوجھ 725 ارب روپے ہو چکا ہے، ہمیں نصیحتیں کرنے والوں کی اپنی کارکردگی صفر ہے۔

خیبرپختونخوا میں 152 ارب روپے کی مالی بےضابطگیاں سامنے آئی ہیں

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں 11 برس سے پی ٹی آئی (پاکستان تحریکِ انصاف) کی حکومت ہے، خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرنا چاہتا ہوں، خیبرپختونخوا میں 152 ارب روپے کی مالی بےضابطگیاں سامنے آئی ہیں جس میں 13 اعشاریہ 2 کروڑ روپے کی فراڈ ادائیگیاں شامل ہیں۔

خیبرپختونخوا میں سرکاری خزانے سے اربوں روپے سوشل میڈیا پراپیگنڈا کیلئے دیئے جاتے ہیں

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ڈی جی پی آر اور محکمہ اطلاعات میں فرضی کمپنیز بنا کر پیسہ سوشل میڈیا پراپیگنڈا کیلئے دیا جاتا ہے، یہ کمپنیز وجود ہی نہیں رکھتیں بلکہ صرف کاغذوں میں موجود ہیں جبکہ ان کا کوئی دفتر بھی نہیں مگر اشتہارات کی مد میں انہیں رقوم دی جا رہی ہیں جو آگے جا کر سوشل میڈیا ٹرولنگ اور ریاست مخالف مہم کیلئے استعمال ہوتی ہیں، خیبرپختونخوا میں سرکاری خزانے سے اربوں روپے سوشل میڈیا پراپیگنڈا کیلئے دیئے جاتے ہیں۔

خیبرپختونخوا حکومت نے کرپشن کے فروغ کے سوا کچھ نہیں کیا

عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کوئی ایک ڈیم بنایا گیا ہے تو بتایا جائے، پنجاب کے عوام سے بزدار کے ذریعہ انتقام لیا گیا اور خیبرپختونخوا میں گنڈا پور کے ذریعہ انتقام لیا جا رہا ہے، خیبرپختونخوا حکومت نے کرپشن کے فروغ کے سوا کچھ نہیں کیا، صوبہ میں 84 ارب روپے کے متفرق اخراجات ہیں یعنی پیسے صحت کیلئے مختص کیے گئے مگر استعمال دھرنے کے دوران وفاق پر چڑھائی کیلئے پیٹرول کی مد میں کیا گیا، کئی ایسی چیزوں میں رقوم خرچ کی گئیں جو وجود ہی نہیں رکھتی ہیں۔

خیبرپختونخوا حکومت پر قرض کا بوجھ 725 ارب روپے ہو چکا ہے

وفاقی وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ پنجاب کو بھی اتنے ہی فنڈز ملتے ہیں جتنے دوسروں صوبوں کو ملتے ہیں، خیبرپختونخوا میں عوامی مسائل حل کرنے پر کسی کی توجہ نہیں بلکہ تمام پیسے سوشل میڈیا پر خرچ کیے جا رہے ہیں، کیا وجہ ہے کہ پنجاب کڈنی لیور انسٹیٹیوٹ بن گیا مگر پشاور لیڈی ریڈنگ ہاسپٹل آج بھی مخدوش حالت میں ہے؟ وجہ یہ ہے اگر لیڈی ریڈنگ کی اپگریڈیشن کیلئے 40 کروڑ روپے آتا ہے تو وہ اسی سوشل سیکٹر میں کسی دوسرے محکمہ کو منتقل کر دیا جاتا ہے۔

ہمیں نصیحتیں کرنے والوں کی اپنی کارکردگی صفر ہے

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے کرپشن کے فروغ کےسوا کچھ نہیں کیا، میٹرو بس کو جنگلہ بس کہنے والوں نے پشاور میں بی آر ٹی بنائی اور اس میں کرپشن کی، خیبرپختونخوا میں مالیاتی بدعنوانیوں میں اضافہ ہوا، خیبرپختونخوا میں 51 کروڑ روپے کی مشکوک ادائیگی کی جا رہی ہے، خیبرپختونخوا حکومت کے قرض کا بوجھ 725 ارب روپے ہو چکا ہے، ہمیں نصیحتیں کرنے والوں کی اپنی کارکردگی صفر ہے۔

مذاکرات کا مقصد کسی کو این آر او دینا نہیں ہے

راہنما مسلم لیگ (ن) عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا مقصد کسی کو این آر او دینا نہیں ہے، عمران خان نے بھی ملکی معیشت ٹھیک ہونے کا اعتراف کیا ہے، خیبرپختونخوا حکومت عوام کیلئے کام کرے اور سیاسی شعبدہ بازی چھوڑ دے، خیبرپختونخوا کی امن و امان سمیت دیگر شعبوں میں مدد کیلئے تیار ہیں، صوبائی حکومت عوام سے کس چیز کا بدلہ لے رہی ہے؟ تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کا ایجنڈا ہی ریاست کو کمزور کرنا ہے۔

پی ٹی آئی حکومت طالبان کو واپس لائی کیونکہ ان کی طالبان سے دوستی ہے

وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ بی آر ٹی سکینڈل کا جواب کس نے دینا ہے؟ ٹمبر مافیا سکینڈل کا جواب کس نے دینا ہے؟ جعلی لائسنس سکینڈل کا جواب بھی آپ کے پاس نہیں، خیبرپختونخوا حکومت جامعات کو اپنے ماتحت کرنا چاہتی ہے، خیبرپختونخوا کی جامعات میں اساتذہ کو تنخواہیں نہیں دی جا رہیں، خیبرپختونخوا میں پولیس ریفارمز ہوئی ہیں تو پھر امن وامان کی صورتحال ابتر کیوں ہے؟ آپ طالبان کو واپس لے کر آئے کیونکہ آپ کی طالبان سے دوستی تھی۔

کُرم میں لاشیں پڑی تھیں اور آپ اسلام آباد پر حملہ آور تھے

ان کا کہنا تھا کہ 1122 پرویز الہیٰ کا اچھا منصوبہ تھا، شہباز شریف نےاس کا دائرہ بڑھایا، خیبرپختونخوا میں ریسکیو 1122 کی گاڑیاں دھرنوں میں استعمال کی گئیں، کیا سرکاری مشینری دھرنوں اور احتجاج میں استعمال ہونے کیلئے ہے؟ باتوں اور لشکر کشی سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا، جب کُرم میں لاشیں پڑی تھیں تب آپ اسلام آباد پر حملہ آور تھے، آپ پہلے اپنا گھر ٹھیک کر لیتے پھر ہم پر حملہ کر لیتے، آپ کُرم کے لوگوں پر توجہ تو دیتے۔

عطاء اللّٰہ تارڑ نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ہمارے اتحادی ہیں، تھوڑے بہت گلے شکوے چلتے ہیں، ہم سیاسی لوگ ہیں، چاہتے ہیں کہ ملکی معیشت ترقی کرے اور تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل ہوں، ریاستوں کے درمیان تعلقات ڈپلومیٹک طریقوں کے مطابق ہوتے ہیں۔

LEAVE A COMMENT

Please enter your comment!
Please enter your name here
This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.

The reCAPTCHA verification period has expired. Please reload the page.

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

More from The Thursday Times

error: