لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف نے پاکستان اور اس کے عوام کو 45 سال دیئے ہیں، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے اور موٹرویز بنانے اور بجلی بنانے کی بات ہوتی ہے تو نواز شریف کا نام آتا ہے، نواز شریف کی سیاست عوام کی خدمت کیلئے ہے، ملکی ترقی کے ہر منصوبے پر نواز شریف کی مُہر ہے، میں نواز شریف کے ویژن کو تکمیل دے رہی ہوں، نواز شریف کے خوابوں کو محنت سے پورا کرنے کی کوشش کر رہی ہوں، پنجاب کے عوام جانتے ہیں کہ جو سکیم نواز شریف شروع کریں گے وہ پوری ہو گی۔
مسکنِ راوی کے تحت مستحق افراد میں گھروں کی تقسیم
پنجاب کے دارالحکومت میں ’’مسکنِ راوی ہاؤسنگ سکیم‘‘ کے تحت مستحق افراد کو گھروں کی فراہمی کے منصوبہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ آج 100 مستحق افراد کو گھر ملے ہیں، مستحقین کو گھر ملنے پر میرے دل کو تسلی ہوئی ہے، جن لوگوں کو گھر ملے ان کو بہت بہت مبارک ہو، جو گھر دیئے جا رہے ہیں ان پر سولر یونٹ لگا ہوا ہے جبکہ 100 گھروں کے ساتھ ایک سکول بھی ہے، ان گھروں کے ساتھ واٹر فلٹریشن پلانٹ اور گارڈن بھی موجود ہیں۔
پانچ سالوں میں 5 لاکھ خاندانوں کو اپنا گھر دیں گے
وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کسی مستحق کا حق کسی ایسے شخص کو نہیں ملنا چاہیے جو مستحق نہیں ہے، مجھے ایک خاتون نے کہا کہ یہ گھر واپس تو نہیں لیا جائے گا؟ میں نے انہیں تسلی دیتے ہوئے کہا کہ یہ گھر رہتی دنیا تک آپ سے کوئی نہیں لے گا، یہ بہترین ہاؤسنگ سکیم ہے، پنجاب میں 50 لاکھ خاندانوں کے پاس اپنا گھر نہیں، رواں سال ایک لاکھ لوگوں کو اپنا گھر مل جائے گا، پانچ سالوں میں 5 لاکھ خاندانوں کو اپنا گھر دیں گے، پنجاب کے 37 اضلاع میں ہزاروں گھر زیرِ تعمیر ہیں، کچھ گھروں کی تعمیر جاری ہے اور کچھ بن بھی گئے ہیں، ہم نے مہینوں میں اس سکیم کو کھڑا کر دیا ہے۔
ہم رواں برس میں ایک لاکھ گھروں کا ہدف حاصل کر لیں گے
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے اس سکیم کا دائرہ کار مزید بڑھانا ہے، مزید لوگوں کو اپنی چھت دینی ہے، لوگ کبھی سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ ان کا اپنا گھر ہو سکتا ہے، آئندہ چند ماہ میں مزید ہزاروں گھر تعمیر ہوں گے، ہم رواں برس میں ایک لاکھ گھروں کا ہدف حاصل کر لیں گے، مستحق اور نادار افراد کو گھر کیلئے زمین کا ٹکڑا مفت دیا جائے گا، دس مرلہ پلاٹ والوں کو قرضہ ملے گا، ہم نے آسان اقساط رکھی ہیں، آپ نے 7 سالوں میں 15 لاکھ ہی واپس کرنا ہے، ماہانہ قسط 14 ہزار روپے دینذ ہو گی ، تین مرلے کے پلاٹس ہزاروں افراد کو دیں گے۔
نواز شریف کی سیاست عوام کی خدمت کیلئے ہے، ملکی ترقی کے ہر منصوبے پر نواز شریف کی مُہر ہے
پاکستان کی پہلی خاتون وزیرِ اعلٰی مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان اور اس کے عوام کو 45 سال دیئے ہیں، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے اور موٹرویز بنانے اور بجلی بنانے کی بات ہوتی ہے تو نواز شریف کا نام آتا ہے، نواز شریف کی سیاست عوام کی خدمت کیلئے ہے، ملکی ترقی کے ہر منصوبے پر نواز شریف کی مُہر ہے، میں نواز شریف کے ویژن کو تکمیل دے رہی ہوں، نواز شریف کے خوابوں کو محنت سے پورا کرنے کی کوشش کر رہی ہوں، پنجاب کے عوام جانتے ہیں کہ جو سکیم نواز شریف شروع کریں گے وہ پوری ہو گی۔
پنجاب کے عوام نے اعتماد کیا ہے
پنجاب کی چیف منسٹر کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام نے اعتماد کیا ہے، عوام کا اعتماد اتنا زیادہ ہے کہ لاکھوں درخواستیں آتی ہیں، ایک لاکھ گھروں کیلئے 10 لاکھ درخواستیں آتی ہیں، ڈی سیز و کمشنرز اور پولیس کیلئے پرفارمینس انڈیکیٹرز بنائے ہیں، لاکھوں کسانوں کو کسان کارڈ دیا جا رہا ہے، جن کے پاس 10 جانور ہیں ان کو لائیو سٹاک کارڈ دیا گیا ہے، حکومت عوامی فلاح کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کوشاں ہے، شہری علاقوں کے قریب آبادی والے علاقوں میں جگہوں کی نشاندہی کریں، حکومت مستحق افراد کو ان علاقوں میں 3 مرلے کے پلاٹس بالکل مفت فراہم کرے گی۔
صحت کے شعبہ میں اصلاحات لا رہے ہیں
مریم نواز شریف نے کہا کہ ہم صحت کے شعبہ میں بہت ساری اصلاحات لا رہے ہیں، پاکستان میں کینسر کا جدید علاج لا رہے ہیں، کلینکس آن وہیل آپ کی دہلیز پر علاج کر رہے ہیں، بچوں کی ہارٹ سرجریز ہو رہی ہیں، بلوچستان اور کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بچوں کی بھی ہارٹ سرجریز ہو رہی ہیں، پنجاب سب کے کام آ رہا ہے، ہم پورے پنجاب میں صفائی کا نظام لائے ہیں، آئندہ چند ہفتوں میں صفائی کا نظام مزید فعال ہو گا، پورے پنجاب میں 30 ہزار بچوں کو سکالرشپس دی ہیں، میرٹ کے بغیر یا کسی کو سفارش پر سکالرشپ نہیں دی گئی۔
پنجاب میں بسنے والا ہر شخص دل کے قریب ہے
وزیرِ اعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ میرے دماغ میں کوئی تفریق نہیں، پنجاب میں بسنے والا ہر شخص میرے دل کے قریب ہے، پورے پنجاب میں 400 سڑکیں بن رہی ہیں، یہ ابھی آغاز ہے، کراچی پورٹ 25 الیکٹرک بسز پہنچ چکی ہیں، پنجاب کیلئے 500 بسز آ رہی ہیں، مہنگائی میں واضح کمی ہوئی ہے، روٹی کی قیمت 25 سے 13 روپے ہوگئی ہے، عوام کے اعتماد کے ساتھ پنجاب میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
آئندہ پانچ سالوں میں پاکستان کی تقدیر کو بہتر بنانے کیلئے حکومت بھرپور کوشش کرے گی
وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ اللّٰه تعالیٰ کا کرم ہے کہ ہم روٹی 25 روپے سے 13 روپے پر لائے ہیں، میری اپنی ٹیم سے لڑائی رہتی ہے کہ آٹے اور روٹی کی قیمت بڑھنی نہیں چاہیے، یہ ابھی آغاز ہے، آئندہ پانچ سالوں میں پاکستان کی تقدیر کو بہتر بنانے کیلئے حکومت بھرپور کوشش کرے گی.