اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان غزہ کی تعمیرِ نو کیلئے جو بھی ہو سکا وہ کرے گا، گوادر ایئر پورٹ ملکی ترقی و خوشحالی میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، ہمیں چین جیسے دوست ملک کی قدر کرنی چاہیے، گوادر پورٹ کے خلاف محاذ آرائی پاکستان دشمنی ہے، تمام اشاریے خوش آئند ہیں، اگر ہم محنت کریں گے اور اپنے راستے پر قائم رہیں گے تو پاکستان کی معیشت کو فائدہ پہنچے گا، دہشتگردی کے حوالہ سے جو قربانیاں دی جارہی ہیں حکومت اور عوام ان شہداء کا قرض نہیں اتار سکتے، ان قربانیوں کی جتنی بھی تعظیم کی جائے کم ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا، اتنی تباہی اور خوں ریزی کے بعد بالآخر صرف 42 روز کیلئے جنگ بندی ہوئی ہے، اللّٰه سے ہماری یہ دعا ہے کہ غزہ میں عارضی جنگ بندی مستقل جنگ بندی میں بدل جائے، غزہ میں 50 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں، ان شہداء میں مائیں اور بچے شامل ہیں، ان شہداء میں ڈاکٹرز و انجینئرز اور نوجوان شامل ہیں جبکہ ہزاروں فلسطینیوں کو جیلوں میں ڈالا گیا۔
پاکستان غزہ کی تعمیرِ نو کیلئے جو بھی ہو سکا وہ کرے گا
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے بھرپور آواز اٹھائی ہے اور وہاں امدادی اشیاء بھجوائی ہیں، غزہ کیلئے امدادی اشیاء بھجوانے میں بہت مشکلات تھیں، غزہ کی تعمیرِ نو کا مرحلہ جلد آنے والا ہے، پاکستان اس کیلئے جو بھی کر سکتا ہے کرے گا، گوادر ایئر پورٹ پر باقاعدہ کام کا آغاز خوش آئند بات ہے، یہ انتہائی اہم منصوبہ ہے جو چین کی جانب سے مہیا کیے گئے 230 ملین ڈالرز سے مکمل ہوا ہے۔
گوادر ایئر پورٹ ملکی ترقی و خوشحالی میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے
میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گوادر ایئر پورٹ پاکستان کے بڑے ہوائی اڈوں میں شمار ہوتا ہے، اگر یہ ایئر پورٹ کاروباری مقاصد کیلئے استعمال ہوتا ہے تو بلوچستان اور پاکستان کی معیشت کو بہت فائدہ پہنچے گا، ہمیں چین جیسے دوست ملک کی قدر کرنی چاہیے جس نے اپنے وسائل سے یہ ایئرپورٹ تحفے میں دیا ہے، گوادر ایئر پورٹ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
گوادر پورٹ کے خلاف محاذ آرائی پاکستان دشمنی ہے
وزیراعظم پاکستان نے کہا ہے کہ کراچی کی بندرگاہیں پہلے ہی تنگ ہیں، وہاں آمد و رفت کا بوجھ بہت زیادہ ہے، ایسے میں گوادر پورٹ کے خلاف محاذ آرائی پاکستان دشمنی ہے، جو لوگ قتل و غارت کا بازار گرم کیے ہوئے ہیں آج انہیں یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ وہ قتل و غارت کر کے نہ صرف بلوچستان کے عوام کے خلاف جا رہے ہیں بلکہ یہ پاکستان کے ساتھ صریحاً دشمنی ہے۔
آئی ٹی برآمدات میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی بینک نے ایک طویل المدتی شراکت داری کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت آئندہ 10 سالوں کے دوران مختلف شعبوں میں 20 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جائے گی، ہمیں اس کو خوش آمدید کہنا چاہیے، آئی ٹی برآمدات میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، دسمبر میں ماہانہ بنیاد پر تاریخ کی بلند ترین آئی ٹی ایکسپورٹس ہوئی ہیں جو 348 ملین ڈالرز ہیں، آئی ٹی برآمدات تیزی سے آگے جا رہی ہیں، اس میں جتنا اضافہ کریں گے پاکستان کو اتنا فائدہ ہو گا۔
تمام معاشی اشاریے خوش آئند ہیں
شہباز شریف نے کہا کہ اگر تقابلی جائزہ لیں تو گزشتہ سال کے مقابلہ میں ہماری برآمدات بڑھی ہیں، تمام اشاریے خوش آئند ہیں، اگر ہم محنت کریں گے اور اپنے راستے پر قائم رہیں گے تو پاکستان کی معیشت کو فائدہ پہنچے گا، الیکٹرک گاڑیوں کے جامع پروگرام کا اعلان کیا تھا، اسے مزید آگے بڑھائیں گے، حکومت ملکی معیشت کو مزید بہتر کرنے کیلئے تمام کاوشیں جاری رکھے گی۔
عازمینِ حج کیلئے بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی
وزیراعظم شہباز شریف نے حج سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ حج کی آمد آمد ہے اور امید ہے کہ اس بار پاکستانی عازمین کیلئے حج بہت پرسکون ثابت ہو گا اور ان کیلئے مدینہ منورہ و مکہ مکرمہ سمیت تمام مقامات پر بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ہم شہداء کا قرض نہیں اتار سکتے، ان قربانیوں کی جتنی بھی تعظیم کی جائے کم ہے
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے حوالہ سے جو قربانیاں دی جارہی ہیں حکومت اور عوام ان شہداء کا قرض نہیں اتار سکتے، ان قربانیوں کی جتنی بھی تعظیم کی جائے کم ہے، ہم ان قربانیوں کا قرض قیامت تک نہیں اتار سکتے، اس کے بدلہ میں پاکستان میں امن قائم ہونا ہے اور یہاں ترقی و خوشحالی کا دور دورہ ہونا ہے۔من حیث القوم ہمیں اس بات کا ادراک ہونا چاہیے کہ اس سے بڑی عظمت کی کوئی بات نہیں کہ اپنے بچوں کو یتیم کر کے لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا جائے، اپنی جان کا نذرانہ دینے سے بڑی اور کوئی قربانی نہیں ہے۔