اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت اب پاکستان پر حملہ کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، مودی کا بھارت عالمی دہشتگرد ہے، بھارت کی جانب سے پاکستان میں مختلف کالعدم تنظیموں کو دہشتگردی کیلئے فنڈنگ کے شواہد ہمارے پاس محفوظ ہیں، بھارت میں مودی سرکار کے دن گنے جا چکے، بھارت کی دہشتگردی کے ثبوت کینیڈا اور امریکا میں بھی موجود ہیں، سندھ طاس معاہدہ کو ایک فریق یکطرفہ طور پر ختم نہیں کر سکتا۔
مودی کا بھارت عالمی دہشتگرد ہے۔
پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں مختلف کالعدم تنظیموں کو دہشتگردی کیلئے فنڈنگ کی جا رہی ہے اور اس کے شواہد ہمارے پاس محفوظ ہیں، اگر بھارت سپانسرڈ دہشتگردی میں ملوث ہے تو سوالات اٹھیں گے اور اٹھنے چاہئیں، یہ تمام شواہد سامنے آنے چاہئیں، مودی کا بھارت بین الاقوامی دہشتگرد ہے۔
بھارت اب پاکستان پر حملہ کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔
وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت اب پاکستان پر حملہ کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، مودی کے خلاف بھارتی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھی تنقید کا سیلاب آیا ہوا ہے، مودی نے کل اپنے خطاب میں چیزوں کو سمیٹنے کی ناکام کوشش کی ہے، چیزیں اتنی بکھر چکی ہیں کہ مودی انہیں سمیٹ نہیں سکے گا، بھارت میں مودی سرکار کے دن گنے جا چکے، فیصلہ بھارت کے عوام کریں گے۔
مذاکرات میں کشمیر، دہشتگردی اور پانی پر بات ہو گی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات میں کشمیر اور دہشتگردی اور پانی پر بات ہو گی، ملاقات کے ایجنڈے میں یہ چیزیں شامل ہیں، دہشتگردی ایجنڈے کا ایک حصہ ہے، دنیا اب خود فیصلہ کرے، پاکستان 25 سالوں سے دہشتگردی کا نشانہ بن رہا ہے اور پھر دہشتگردی کا الزام بھی ہمارے اوپر لگایا جا رہا ہے۔
پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جنگ کو تسلیم کیا جائے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے خود پیشکش کی تھی کہ دہشتگردی کے واقعہ کی تحقیقات کی جائیں، پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جنگ کو تسلیم کیا جائے، ہم نے بڑا نقصان اٹھایا ہے، پوری دنیا سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا ہے، بھارت کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا ایجنڈا مسئلہ کشمیر ہے، اس پر بھی بات ہونی چاہیے۔
سندھ طاس معاہدہ کو ایک فریق یکطرفہ طور پر ختم نہیں کر سکتا۔
وفاقی وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ تیسرا مسئلہ پانی کا ہے اس پر بھی بات کی جائے گی، پانی کے معاملہ کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی، سندھ طاس معاہدے کو چھیڑا نہیں جا سکتا، جب (پاک بھارت) مذاکرات کی کوششیں شروع ہوں تو پانی کا مسئلہ سندھ طاس معاہدے کی شقوں کے مطابق دیکھنا چاہیے، سندھ طاس معاہدہ کو ایک فریق یکطرفہ طور پر ختم نہیں کر سکتا۔
بھارت کی دہشتگردی کے ثبوت کینیڈا اور امریکا میں بھی موجود ہیں۔
پاکستانی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بھارت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بھارت خود کئی سالوں سے دہشتگردی میں ملوث رہا ہے، بھارت عالمی دہشتگرد ہے، ہم دہائیوں سے بھارت کے خلاف مشرقی اور مغربی محاز پر لڑ رہے ہیں، بھارت کی دہشتگردی کے ثبوت کینیڈا اور امریکا میں بھی موجود ہیں، یہ دہشتگردی کے ثبوت مذاکرات میں سامنے آنے چاہئیں۔