spot_img

ٹرمپ کے قریبی مشیر سٹیفن ملر نے بھارت پر روس یوکرین جنگ کی مالی معاونت کا الزام لگا دیا

صدر ٹرمپ کے قریبی مشیر اسٹیفن ملر نے بھارت پر روس یوکرین جنگ کی مالی معاونت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت روسی تیل خرید کر براہ راست اس جنگ کو جاری رکھنے میں مدد دے رہا ہے۔ بھارت امیگریشن پالیسیوں میں دانستہ بے ضابطگیوں کا بھی مرتکب ہے جس سے امریکی ورکرز کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم حقیقت پسندانہ انداز میں اس جنگ کی مالی معاونت سے نمٹا جائے۔

واشنگٹن (تھرسڈے ٹائمز) — وائٹ ہاؤس کے نائب چیف آف اسٹاف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اہم مشیر اسٹیفن ملر نے ایک تازہ بیان میں بھارت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت روس سے تیل خرید کر یوکرین کے خلاف جاری جنگ کی براہ راست مالی معاونت کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ رویہ امریکہ کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔

اسٹیفن ملر نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ بھارت اس وقت روسی تیل خریدنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے، اور اس فہرست میں چین کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کے مطابق یہ بات امریکی عوام کو چونکا دینے والی ہونی چاہیے، کیونکہ یہ حقیقت دنیا کے سامنے کم ہی آتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت نہ صرف امریکی مصنوعات پر بھاری درآمدی ٹیکس عائد کرتا ہے، بلکہ امیگریشن پالیسیوں میں بھی دانستہ بے ضابطگیوں کا مرتکب ہوتا ہے، جو براہ راست امریکی مزدوروں کے مفادات کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے تجارتی رکاوٹوں اور امیگریشن پالیسیوں میں گڑبڑ کا معاملہ اب نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

اسٹیفن ملر کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہمیشہ بھارت اور وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ مضبوط تعلقات کو اہمیت دی ہے، مگر اب وقت آ گیا ہے کہ بھارت کی موجودہ پالیسیوں کو حقیقت پسندانہ انداز میں  دیکھا اور اس جنگ کی مالی معاونت سے نمٹا جائے۔

خبریں

More from The Thursday Times

More from The Thursday Times