spot_img

بھارت پر 50 فیصد ٹیرف نافذ کرنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید پابندیوں کا عندیہ دے دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ صرف شروعات ہے۔ ان کے مطابق یہ تو محض ایک جھلک ہے، ابھی مزید پابندیاں لگتی دیکھیں گے۔ ابھی بہت کچھ آنا باقی ہے، دیکھتے جائیں کیا ہوتا ہے۔

واشنگٹن (تھرسڈے ٹائمز) — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ کے دوران کئی اہم اور غیر معمولی فیصلوں کا اعلان کیا، جن میں بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے، نئی ثانوی پابندیوں کے نفاذ، اور ایپل کمپنی کی تاریخ کی سب سے بڑی امریکی سرمایہ کاری شامل ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا، آج بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کر دیا گیا ہے۔

ان کے اس اعلان کے بعد بھارتی حکام نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ روسی تیل خریدنے والے صرف بھارت ہی نہیں بلکہ چین جیسے دیگر ممالک بھی ہیں، پھر صرف بھارت کو ہی کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے؟

اس پر صدر ٹرمپ کا دو ٹوک جواب تھا: یہ تو ابھی صرف آٹھ گھنٹے ہوئے ہیں، دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔ لیکن ہاں، یہ صرف شروعات ہے۔ آپ کو بہت سی ثانوی پابندیاں نظر آئیں گی۔ یہ تو صرف ایک جھلک تھی، ابھی بہت کچھ آنے والا ہے۔

اس بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے ایک مثبت معاشی خبر بھی سنائی، جس کا تعلق ٹیکنالوجی کمپنی ایپل سے ہے۔ انہوں نے اعلان کیا آج ایپل نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ چار برسوں میں امریکہ میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ یہ اُس کے ابتدائی منصوبے سے 100 ارب ڈالر زیادہ ہے۔ یہ نہ صرف امریکہ بلکہ دنیا بھر میں ایپل کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہوگی۔

صدر کے مطابق یہ سرمایہ کاری امریکی معیشت کو مستحکم کرنے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، اور عالمی سطح پر امریکہ کی ٹیکنالوجی قیادت کو مزید مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

خبریں

More from The Thursday Times

More from The Thursday Times