امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی تعریف، ایران مذاکرات توجہ کا مرکز

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے ایران کے ساتھ لینڈ روٹس دوبارہ کھولنے سے متعلق سوال پر پاکستان، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی تعریف کرتے ہوئے کہا: ”مجھے سب معلوم ہے۔“ انہوں نے مزید کہا کہ ایران مذاکرات کے دوران پاکستانی قیادت امریکا کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

واشنگٹن (تھرسڈے ٹائمز) — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے بارے میں غیرمعمولی گرمجوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان، اسلام آباد، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا بے حد احترام کرتے ہیں، جبکہ ایران بحران پر انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت توجہ مذاکرات پر ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک رپورٹر نے ٹرمپ سے سوال کیا کہ پاکستان نے ایران کے ساتھ لینڈ روٹس کھول دیے ہیں، کیا آپ کو اس کی خبر ہے؟ اس پر ٹرمپ نے فوراً جواب دیا: مجھے سب پتا ہے۔ پھر مسکراتے ہوئے پوچھا: آپ پاکستانی ہیں؟

رپورٹر نے جواب دیا کہ نہیں، وہ امریکی ہیں۔ اس پر ٹرمپ نے کہا: میں پاکستان، فیلڈ مارشل اور وزیراعظم دونوں کا بہت احترام کرتا ہوں۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہیں پاکستان اور اسلام آباد کے لیے بھی بڑا احترام ہے، اور وہاں کی قیادت ہمارے ساتھ کام کر رہی ہے اور مسلسل رابطے میں ہے۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ اس وقت کسی طویل دورے سے زیادہ اہم چیز جاری مذاکرات ہیں۔

ایران سے متعلق گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ وہاں اندرونی تقسیم اور شدید اختلافات موجود ہیں۔ ایک گروپ ایک قسم کا معاہدہ چاہتا ہے جبکہ دوسرا مختلف راستہ چاہتا ہے۔ ان کے بقول سخت گیر حلقے بھی اب کسی نہ کسی ڈیل کے خواہاں ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کے پاس دو راستے ہیں: سخت مؤقف اختیار کرنا یا مذاکرات کو آگے بڑھانا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ انسانی بنیادوں پر وہ جنگ سے گریز کو ترجیح دیتے ہیں۔

ان بیانات کو خطے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی کردار کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے، جہاں اسلام آباد کو واشنگٹن اور تہران کے درمیان ایک ممکنہ رابطہ پل تصور کیا جا رہا ہے۔ ٹرمپ کے الفاظ اس بات کا اشارہ دیتے ہیں کہ پاکستان اس مرحلے پر محض تماشائی نہیں بلکہ ایک اہم فریق کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

اگر ایران کی نئی تجاویز میں پیش رفت ہوئی تو آئندہ دنوں میں پاکستان کا کردار مزید نمایاں ہو سکتا ہے، جبکہ مذاکرات ناکام ہونے کی صورت میں خطے میں کشیدگی دوبارہ بڑھنے کا خدشہ برقرار رہے گا۔

خبریں

More from The Thursday Times

More from The Thursday Times

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™