ابوظہبی (تھرسڈے ٹائمز) — متحدہ عرب امارات میں پیر کی رات مُلک کے مختلف علاقوں کی جانب بڑھنے والے ایران سے داغے گئے کروز میزائلز کی نشاندہی پر فضائی دفاعی نظام کو متحرک کر دیا گیا۔
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کے مطابق ایران کی جانب سے چار کروز میزائلز داغے گئے تھے جن میں سے تین کو مُلک کے علاقائی پانیوں کے اوپر کامیابی سے نشانہ بنایا گیا جبکہ ایک میزائل سمندر میں جا گِرا۔ اماراتی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ مُلک کے مختلف حصوں میں سُنی جانے والی آوازیں فضائی دفاعی نظام کی جانب سے خطرات سے نمٹنے کا نتیجہ تھیں۔
تتعامل حالياً الدفاعات الجوية الإماراتية مع اعتداءات صاروخية وطائرات مسيرة قادمة من ايران وتؤكد وزارة الدفاع أن الاصوات المسموعة في مناطق متفرقة من الدولة هي نتيجة تعامل منظومات الدفاعات الجوية الإماراتية للصواريخ الباليستية، والجوالة والطائرات المسيرة.
UAE Air Defences system… pic.twitter.com/fEiog7SwQq
— وزارة الدفاع |MOD UAE (@modgovae) May 4, 2026
متحدہ عرب امارات میں رہائشیوں کو ہنگامی الرٹس جاری کیے گئے ہیں جن میں زور دیا گیا ہے کہ عوام سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور انتباہی پیغامات موصول ہونے کی صورت میں تمام حفاظتی اقدامات کی پابندی کریں۔
ایرانی حملوں کے نتیجہ میں تاحال کسی جانی نقصان یا انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ حکام نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ معلومات صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کریں اور فعال سیکیورٹی صورتحال کے دوران غیر مصدقہ دعووں کو پھیلانے سے گریز کریں۔
یہ واقعہ ایرانی حملوں کے باعث بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کے پس منظر میں سامنے آیا ہے جہاں خلیجی خطہ میں میزائل سرگرمیوں، فضائی حدود کی سلامتی اور آبنائے ہرمز سمیت اہم سمندری گزرگاہوں کے تحفظ سے متعلق خدشات ایک بار پھر شدت اختیار کر رہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ عوامی تحفظ کا انحصار سرکاری ہدایات پر عمل کرنے اور انتباہی اوقات کے دوران محتاط رہنے پر ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ حکام کی جانب سے واقعہ کے مکمل جائزہ کے بعد مزید تفصیلات بھی سامنے لائی جائیں گی۔




