ابوظہبی (تھرسڈے ٹائمز) — اقوامِ متحدہ، یورپی یونین، امریکا، سعودی عرب، کویت، قطر، شام، مصر، بحرین، اردن، اٹلی، برطانیہ، جرمنی اور فرانس سمیت مختلف ممالک کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے خلاف ایرانی حملوں کی شدید مذمت، خلیجی و عرب اسلامی ممالک کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مکمل حمایت کا اظہار کیا گیا۔
ایران کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی جانب داغے گئے بیلسٹک اور کروز میزائلز اور آبنائے ہرمز میں متحدہ عرب امارات کے ٹینکر پر ایرانی حملوں کے بعد امریکا، یورپی کمیشن اور خلیجی خطہ سمیت دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے ایرانی جارحیت کی مذمت کی گئی ہے، ایرانی حملوں کو متحدہ عرب امارات کی خودمختاری و سالمیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار قرار دیا گیا ہے جبکہ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ کشیدگی میں اضافہ خطہ کے استحکام اور عالمی امن کیلئے خطرناک ہو سکتا ہے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے متحدہ عرب امارات کے خلاف ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اُنہیں متحدہ عرب امارات کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات سمیت واشنگٹن کے اتحادی ممالک کے خلاف مزید ایرانی حملے امریکا کی جانب سے فیصلہ کُن ردعمل کا باعث بن سکتے ہیں۔
فرانس کے صدر ایمینوئیل میکرون نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سفارتی حل پر زور دیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ ایسی جارحیت علاقائی کشیدگی میں اضافہ کا باعث بن سکتی ہے۔ برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر نے متحدہ عرب امارات کے خلاف ایرانی حملوں کو ناقابلِ قبول قرار دیا ہے جبکہ جرمن چانسلر نے کشیدگی میں کمی پر زور دیتے ہوئے مربوط بین الاقوامی کردار کی ضرورت کو اُجاگر کیا ہے۔
اطالوی وزیراعظم جورجیا میلونی نے ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اُنہیں بین الاقوامی منڈیوں اور عالمی سیکیورٹی کیلئے تشویشناک قرار دیا ہے جبکہ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینٹونیو گوٹیرس نے فی الفور کشیدگی میں کمی پر زور دیتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ ایسی صورتحال تنازع کو بڑھاتے ہوئے عالمی تناؤ کا باعث بن سکتی ہے۔
یورپی کمیشن کی سربراہ اورسولا وون ڈیر لیئین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر (ایکس) پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہمارے شراکت دار متحدہ عرب امارات کو ایک بار پھر شیطانی حملوں کا نشانہ بنایا گیا، میں محمد بن زید اور متحدہ عرب امارات کے عوام اور مشرقِ وسطیٰ میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہوں۔
سربراہ یورپی کمیشن نے ایرانی حملوں کو ناقابلِ قبول اور متحدہ عرب امارات کی خودمختاری اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ایرانی رجیم کے ظالمانہ اقدامات کو ختم کرنے، کشیدگی میں کمی لانے اور سفارتی حل تلاش کرنے کیلئے اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
کویتی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کویت آبنائے ہرمز میں متحدہ عرب امارات کے ٹینکر پر ایرانی حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، ایرانی جارحیت میری ٹائم نیویگیشن کی حفاظت اور بین الاقوامی گزرگاہوں کی سلامتی کیلئے براہِ راست خطرہ ہے۔
کویت کی وزارتِ خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اُس کی سلامتی اور مفادات کیلئے اُٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت کا بھی اعادہ کیا ہے اور زور دیا ہے کہ تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانا اور آبی ٹریفک کو خطرے میں ڈالنا سلامتی کونسل کی قرارداد 2817 اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
شام کی وزارتِ خارجہ نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے متحدہ عرب امارات کے ٹینکر پر ایرانی ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے اُسے بین الاقوامی قانون اور آزاد نیویگیشن کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ دمشق نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایسے حملوں کو روکنے کیلئے بین الاقوامی کارروائی پر زور دیا ہے۔
قطر نے بھی متحدہ عرب امارات میں شہری مقامات اور تنصیبات کو میزائلز اور ڈرونز کے ذریعہ نشانہ بنانے والے ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایرانی حملوں کو متحدہ عرب امارات کی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی اور خطہ کی سلامتی اور استحکام کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ قطری وزارتِ خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ قطر کی جانب سے مکمل یکجہتی اور اُس کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے متحدہ عرب امارات کی طرف سے اٹھائے گئے تمام اقدامات کی حمایت کا بھی اظہار کیا ہے۔ قطر کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہے۔
بحرینی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بحرین متحدہ عرب امارات کے خلاف ایران کی جانب سے میزائلز اور ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے دہشتگردانہ حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ اردن کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ اردن متحدہ عرب امارات کے شہری مقامات اور تنصیبات پر وحشیانہ ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اُنہیں بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیتا ہے۔
مصر کی وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے خلاف ایرانی میزائل و ڈرون حملے یو اے ای کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں جن کی مصر شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔




