اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان کل پاکستان کا دورہ کریں گے۔
پاکستانی دفترِ خارجہ کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ کل پاکستان پہنچیں گے جہاں وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ اُن کی اہم بات چیت متوقع ہے۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان اسلام آباد میں اپنے ہم منصب آصف زرداری، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کریں گے۔
ایران کے صدر کی حیثیت سے یہ مسعود پزشکیان کا دوسرا دورہ پاکستان ہے جہاں فریقین دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے اور تجارت، توانائی، بارڈر سیکیورٹی، عوامی سطح کے تبادلوں اور علاقائی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کیلئے نئے امکانات پر گفتگو کریں گے۔
دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق یہ دورہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (اسلام آباد ایم او یو) کے بعد جاری سفارتی مصروفیات کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور میں پیش رفت پر بات چیت کا اہم موقع فراہم کرے گا۔
اعلامیہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور ایران کے تاریخی و ثقافتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کیلئے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے اور خطہ میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے مشترکہ عزم کو اُجاگر کرتا ہے۔




