spot_img

امریکی ایف بی آئی نے جرائم پیشہ نیٹ ورک سے منسلک بھارتی شہری کیلئے مطلوب نوٹس جاری کر دیا

بھارتی شہری نِتیش کوشل کیلئے امریکی ایف بی آئی نے مطلوب نوٹس جاری کر دیا۔ ”آپریشن ہارڈ بال“ میں شامل تین میں سے ایک جرائم پیشہ نیٹ ورک (بھگوانپوریا) سے منسلک نِتیش کوشل کو مسلح و خطرناک شخص قرار دیتے ہوئے ریکٹیئرنگ جرائم پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔

لاس اینجلس (تھرسڈے ٹائمز) — امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ”ایف بی آئی“ نے 26 سالہ بھارتی شہری ”نِتیش کوشل“ کی گرفتاری کیلئے مطلوب (وانٹیڈ) نوٹس جاری کر دیا ہے۔ نِتیش کوشل پر الزام ہے کہ وہ بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایک بین الاقوامی جرائم پیشہ نیٹ ورک کیلئے تشدد اور دباؤ کے ذریعہ کام کرواتا ہے۔ ایف بی آئی نے خبردار کیا ہے کہ اُسے مسلح، خطرناک اور فرار ہونے کے امکان کے حامل شخص کے طور پر دیکھا جائے۔

ایف بی آئی کے مطابق 25 جون 2026 کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کے سینٹرل ڈسٹرکٹ کی وفاقی عدالت نے نِتیش کوشل کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا۔ بھارتی شہری پر ریکٹیئر انفلوئنسڈ اینڈ کرپٹ آرگنائزیشنز کونسپیریسی (یعنی RICO کے تحت مجرمانہ سازش) میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ نِتیش کوشل، جو ”لالا“ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ایک بین الاقوامی جرائم پیشہ تنظیم میں مبینہ کردار کے باعث مطلوب ہے۔ وہ تنظیم قتل، اغواء، منشیات کی سمگلنگ، بھتہ خوری، اسلحہ کی سمگلنگ، منی لانڈرنگ اور انسانی سمگلنگ سمیت متعدد جرائم میں ملوث بتائی جاتی ہے۔

ادارہ کے مطابق، نِتیش کوشل نے مبینہ طور پر اُس گروہ کی جانب سے پرتشدد کارروائیاں انجام دیں، جن میں اغواء اور حملے شامل ہیں۔ ایف بی آئی نے نِتیش کوشل کو بھارتی شہری قرار دیتے ہوئے اُس کا قد پانچ فٹ گیارہ انچ اور تاریخ پیدائش جون 2000 بتائی ہے۔

ایف بی آئی کے مطابق مذکورہ تنظیم ”جگّو بھگوانپوریا آرگنائزڈ کرائم گروپ“ کے نام سے جانی جاتی ہے جس کی ابتداء بھارتی ریاست پنجاب سے ہوئی اور جس نے کیلیفورنیا کے سینٹرل ڈسٹرکٹ سمیت دیگر علاقوں میں بھی سرگرمیاں جاری رکھیں۔

بھگوانپوریا نیٹ ورک اُن تین بھارتی نژاد بین الاقوامی جرائم پیشہ گروہوں میں شامل ہے جن کے خلاف امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رواں ماہ کے آغاز میں ”آپریشن ہارڈ بال“ کے نام سے ایک وسیع کارروائی کا اعلان کیا تھا۔

اِسی آپریشن کے تحت جیل میں قید گینگ لیڈر ”لارنس بشنوئی“ کے خلاف بھی الزامات عائد کیے گئے، جس پر 2023 میں کینیڈین سِکھ راہنما ہردیپ سِنگھ ناجر کے قتل کا حکم دینے کا الزام ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق آپریشن ہارڈ بال کے نتیجہ میں تین مختلف فردِ جرم کے تحت 37 ملزمان پر الزامات عائد کیے گئے جبکہ امریکا، کینیڈا اور یورپ میں مجموعی طور پر 24 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

کارروائی میں جن تین نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا گیا اُن میں بشنوئی، بھگوانپوریا اور ڈھانڈا گروپس شامل ہیں۔ تینوں کی بنیاد بھارتی پنجاب میں رکھی گئی اور یہ مختلف براعظموں میں سرگرم رہے۔ نِتیش کوشل اُن ملزمان میں شامل ہے جن کی امریکی قانون نافذ کرنے والے ادارے اب بھی تلاش کر رہے ہیں۔

نِتیش کوشل پر فردِ جرم عائد کی جا چکی ہے، تاہم وہ تاحال مفرور ہے۔ ایف بی آئی نے بھارتی شہری کے ٹھکانے سے متعلق معلومات رکھنے والے افراد سے کہا ہے کہ وہ ادارے قریبی امریکی سفارت خانے یا قونصل خانے سے رابطہ کریں۔

امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ بھارتی شہری نِتیش کوشل کو مسلح، خطرناک اور فرار ہونے کے امکان کے حامل شخص کے طور پر دیکھا جائے۔

خبریں

More from The Thursday Times

More from The Thursday Times