اسلام آباد (دی تھرسڈے ٹائمز) — فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کیلئے ایک مسابقتی اور پُرکشش منزل بنانا قومی مقصد ہے جس کیلئے کان کنی، سرمایہ کاری، صنعتوں، منصوبوں اور اُن سے وابستہ افراد کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
جمعہ کو اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے دوسرے اور آخری روز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا، ”ہم کان کنی کے پورے نظام کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔“
پورے شعبہ کیلئے سیکیورٹی
اُنہوں نے کہا کہ یہ تحفظ کانوں، کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتوں، منصوبوں اور اِس شعبہ سے وابستہ افراد سب کیلئے ہو گا۔ اُن کی یہ یقین دہانی فورم کے پہلے روز کیے گئے ایسے ہی وعدوں کے بعد سامنے آئی، جب وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سرمایہ کاروں کو محفوظ ماحول اور ون ونڈو آپریشن کی پیشکش کی تھی اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سیکیورٹی اور ون ونڈو سہولت کا وعدہ کیا تھا (مزید پڑھیں)۔
خام برآمدات سے آگے
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی معدنی دولت کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانا ایک اجتماعی قومی مقصد ہے۔ اُنہوں نے کہا، ”ہمارا مقصد محض خام مال کی برآمد نہیں بلکہ کان کنی سے لے کر ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ تک پوری ویلیو چین کو ترقی دینا ہے۔“
چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفینس فورسز (سی ڈی ایف) کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسی طویل مدتی بین الاقوامی شراکت داریاں قائم کرنا چاہتا ہے جو نہ صرف مُلک کیلئے بلکہ اُس کے سرمایہ کاری اور تجارتی شراکت داروں کیلئے بھی پائیدار معاشی قدر پیدا کریں۔
معدنی وسائل سے مالا مال علاقوں کی ترقی پر زور دیتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ معدنی شعبہ کی ترقی کے ثمرات مقامی آبادیوں تک پہنچنا ناگزیر ہے، اور معدنیات سے مالا مال علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو روزگار، معاشی مواقع اور کان کنی کے منصوبوں سے جُڑی ترقی کی صورت میں اپنی زندگیوں میں ٹھوس بہتری نظر آنی چاہیے۔
فیلڈ مارشل نے پاکستانی عوام کی صلاحیتوں کو مُلک کی اصل طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لوگ محنتی، دلیر اور پُرعزم ہیں۔ اُنہوں نے کہا، ”ہمارے وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں، جبکہ ہمارے عوام وہ طاقت اور عزم ہیں جو نتائج حاصل کرنے کیلئے درکار ہے۔“
معدنی شعبہ کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اُنہوں نے کہا، ”ہمیں صلاحیت سے پیداوار، وعدوں سے عمل اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ ترقی کی جانب بڑھنا ہو گا۔“
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی جمعہ کو فورم سے خطاب کیا اور مُلک کے اندر پراسیسنگ پر یہی زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان نہیں چاہتا کہ اُس کی معدنیات صرف خام مال کے طور پر نکال کر باہر بھیجی جائیں، اور سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں کان کنی، پراسیسنگ اور مینوفیکچرنگ کریں، ریکوڈک اور ٹیتھیان بیلٹ کے دیگر منصوبوں کے گرد ریفائنریاں، سمیلٹرز اور کیبل و کنڈکٹر فیکٹریاں قائم کریں، اور پھر تیار مصنوعات برآمد کریں۔
فورم سے کیا حاصل ہوا
دو روزہ فورم میں 60 سے زائد ممالک سے سرکاری حکام، کان کنی کی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں نے شرکت کی، جہاں پاکستان نے اپنے اُن معدنی ذخائر کو پیش کیا جن کی مالیت حکام تقریباً 8 ٹریلین ڈالر بتاتے ہیں (مزید پڑھیں)۔ پہلے روز نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے سرمایہ کاروں کو بتایا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر سنگل ونڈو کے ذریعے رکاوٹیں دور کر رہی ہے، اور پاکستان خام معدنیات کی برآمد سے آگے بڑھ کر اُنہیں مُلک کے اندر ریفائن اور تیار کرنا چاہتا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ صوبے کی معدنیات سے آمدن ڈھائی سال میں 10 ارب روپے سے بڑھ کر 40 ارب روپے ہو گئی ہے۔
کینیڈا کی آئیون ہو مائنز نے جمعرات کو ماری انرجیز کے ساتھ بلوچستان کے ضلع چاغی میں، جہاں ریکوڈک واقع ہے، تانبے اور سونے کی تلاش کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے (مزید پڑھیں)۔ جمعہ کو ماری انرجیز نے تقریباً 25 ہزار میٹر کی ڈرلنگ کے بعد چاغی میں ریکوڈک سے تقریباً 50 کلومیٹر مشرق میں واقع اپنی ایسٹ سیاہ ڈک سائٹ پر تانبے کی نئی پورفیری دریافت کا اعلان کیا، تاہم کمپنی نے کہا کہ یہ دریافت ابھی باضابطہ طور پر ثابت شدہ معدنی ذخیرہ نہیں ہے۔ ایک اور کمپنی، این آر ایل، نے فورم کو بتایا کہ اُس نے ضلع میں آٹھ مقامات پر تانبے اور سونے کی معدنیات کی نشاندہی کی ہے۔



