اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — مشیرِ خزانہ خرم شہزاد کے مطابق پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار 4 ہزار 722 ارب روپے سے زائد کا قرضہ مقررہ مدت سے پہلے واپس کر دیا ہے۔
وفاقی حکومت کے مشیر مشیرِ خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار 4 ہزار 722 ارب روپے (تقریباً 17 ارب امریکی ڈالرز) کا قرضہ مقررہ مدت سے پہلے واپس کر دیا ہے جبکہ رواں مالی سال کے دوران اب تک 2 ہزار 900 ارب روپے کی ادائیگیاں قبل از وقت کی جا چکی ہیں جو گزشتہ مالی سال کی نسبت 62 فیصد زیادہ ہیں۔
خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ مقررہ مدت سے قبل واپس کیے جانے والے قرض میں 51 فیصد سٹیٹ بینک آف پاکستان جبکہ 49 فیصد دیگر مالیاتی اداروں کا قرض شامل ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کا قرضہ برائے جی ڈی پی تناسب 75 فیصد سے کم ہو کر تقریباً 68 اعشاریہ 5 فیصد رہ گیا ہے۔
وفاقی مشیرِ خزانہ نے مزید کہا کہ قرض کی ادائیگی میں بہتر نظم و نسق اور مؤثر مالیاتی حکمتِ عملی سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے جبکہ ملکی مالیاتی استحکام بھی مزید مضبوط ہوا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ پاکستان کم لاگت اور پائیدار مالیاتی نظام کی جانب پیش رفت کر رہا ہے۔




