اسلام آباد (دی تھرسڈے ٹائمز) — وزارتِ بحری امور نے جمعہ کو بتایا ہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے کاروباری گروپوں میں سے ایک، نشاط گروپ، اُس نئی بندرگاہ میں سرمایہ کاری کا جائزہ لینے کیلئے تیار ہے جسے وفاقی حکومت تعمیر کرنا چاہتی ہے۔
گروپ کے چیئرمین میاں محمد منشا نے وفاقی وزیرِ بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے ملاقات میں کہا کہ گروپ اس منصوبے میں دلچسپی رکھتا ہے اور اُس کی توجہ برآمدی صنعتوں کیلئے لاجسٹکس پر ہوگی۔ سرمایہ کاری کی رقم، مالیاتی ڈھانچے یا کسی معاہدے کا اعلان نہیں کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سرمایہ اور جدید ٹیکنالوجی لانے اور مُلک کے بندرگاہی ڈھانچے کو وسعت دینے کیلئے نجی شعبہ کی زیادہ شرکت ضروری ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ایک اور بندرگاہ معاشی ترقی کی نئی راہیں کھولے گی، روزگار پیدا کرے گی اور پاکستان کو علاقائی تجارت اور لاجسٹکس کا مرکز بنانے میں مدد دے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار دوست ماحول کیلئے پُرعزم ہے اور بحری شعبہ میں دلچسپی رکھنے والے مقامی اور غیر مُلکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرے گی۔
بندرگاہ کہاں بن سکتی ہے
حکومت نے ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا کہ بندرگاہ کہاں بنے گی۔ نومبر 2025 میں وزارتِ بحری امور نے وفاقی وزیر کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی تھی جو سر کریک سے جیوانی تک ساحل پر نئی گہرے پانی کی بندرگاہوں کیلئے مقامات کی نشاندہی کر رہی ہے۔ اس کے ارکان میں کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی، گوادر پورٹ اتھارٹی، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور سندھ و بلوچستان کی حکومتیں شامل ہیں۔
کمیٹی تین ممکنہ مقامات کا پانی کی گہرائی، دستیاب زمین، ماحولیاتی اثرات، سڑک اور ریل رابطوں اور سیکیورٹی کی بنیاد پر جائزہ لے رہی ہے۔ وزارت نے نہ مقامات ظاہر کیے ہیں، نہ لاگت اور نہ کوئی ٹائم لائن، تاہم اُس کے طویل مدتی منصوبے میں تین سے چار نئی بندرگاہیں شامل ہیں۔
موجودہ بندرگاہوں میں گنجائش
نئی بندرگاہ کی ضرورت موجودہ رش کے بجائے مستقبل کی طلب کی بنیاد پر ہے۔ وزارت کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق پورٹ قاسم اپنی گنجائش کے تقریباً 65 فیصد، کراچی پورٹ تقریباً 52 فیصد اور گوادر 5 سے 10 فیصد پر کام کر رہی ہے۔ وزارت کو توقع ہے کہ یہ تینوں بندرگاہیں 2035 اور 2045 کے درمیان مکمل بھر جائیں گی، جس کی ایک وجہ افغانستان اور وسطی ایشیا کے ساتھ ٹرانزٹ تجارت ہوگی۔
عالمی بینک کی پیش گوئی کے مطابق 2039-40 تک کراچی کی بندرگاہوں سے سالانہ تقریباً 21 کروڑ 10 لاکھ ٹن سامان گزرے گا، جو 2019-20 کے تقریباً 9 کروڑ 30 لاکھ ٹن سے دُگنے سے بھی زیادہ ہے۔ چونکہ گہرے پانی کی بندرگاہ کی منصوبہ بندی، مالی انتظام اور سڑک و ریل سے رابطے میں کئی سال لگتے ہیں، اس لیے 2030 کی دہائی کے آخر میں درکار گنجائش کیلئے مقامات کا انتخاب ابھی کرنا ہوگا۔
سندھ حکومت الگ سے کیٹی بندر کو گہرے پانی کی بندرگاہ بنانے کیلئے سرکاری و نجی شراکت داری کا ماڈل تیار کر رہی ہے۔ یہ واضح نہیں کہ کیٹی بندر وفاقی کمیٹی کے ممکنہ مقامات میں شامل ہے یا نہیں۔ کویت بھی الگ سے پاکستانی ذخیرہ گاہوں اور بندرگاہوں کے ذریعے ایندھن کی دوبارہ برآمد پر رضامند ہو چکا ہے۔
نشاط گروپ کی دلچسپی اُس کے کاروبار سے مطابقت رکھتی ہے۔ اُس کی بڑی کمپنی نشاط ملز مُلک کے سب سے بڑے ٹیکسٹائل برآمد کنندگان میں شامل ہے، جبکہ گروپ کے اثاثوں میں ایم سی بی بینک، ڈی جی خان سیمنٹ، نشاط پاور اور آدم جی انشورنس شامل ہیں۔ اگست میں اس نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کیلئے بولی دینے والے کنسورشیم کی قیادت کی تھی۔
دلچسپی کا اظہار کوئی وعدہ نہیں۔ کسی بندرگاہ کیلئے اب بھی رعایتی معاہدہ، زمین، ڈریجنگ اور ایسی سرمایہ کاری درکار ہوگی جس کی واپسی میں دہائیاں لگتی ہیں۔



