اسلام آباد (دی تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان اور قطر نے جمعرات کو سیکیورٹی تعاون پر یادداشتِ فہم پر دستخط کیے، جب قطر کے وزیرِ داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی پاکستان کے پہلے دورے پر موجود تھے۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور شیخ خلیفہ نے اس دستاویز اور منشیات اسمگلنگ کی روک تھام کے اکشن پلان پر دستخط کے۔ وزیرِ اعظم آفس کے مطابق یہ معاہدہ قطر کی انٹرنل سیکیورٹی فورس (لخویا) اور پاکستان کی وفاقی کانسٹیبلری کے بین ہے۔ دستخط کی تقریب کے وقت وزیرِ اعظم شہباز شریف موجود تھے۔
وزیرِ اعظم سے مذاکرات
مہمان کا خیر مقدم کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ انھیں امید ہے کہ یہ دورہ دونوں ملکوں کی وزارتِ داخلہ اور متعلقہ اداروں کے مابین تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔ انہوں نے پاکستان کے لیے قطر کی قیادت کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور خاص طور پر قطر کی جانب سے مائع قدرتی گیس کی مسلسل سپلائی کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ قطر میں قریباً 3 لاکھ پاکستانی کام کرتے ہیں اور تجارت و سرمایہ کاری، زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کانکنی ومعادنیات میں معاشی تعاون بڑھانے کی گنجائش موجود ہے۔
شیخ خلیفہ نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کا سلام پہنچایا اور مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا، بیان میں کہا گیا۔
پولیس اور سائبر تعاون
وزارتِ داخلہ کے ایک الگ بیان میں کہا گیا کہ نقوی اور قطری وزیر نے پولیس افسران کے تبادلہ پروگرام کا دائرہ وسیع کرنے اور قطر کی نیشنل سائبر سیکیورٹی ایجنسی اور پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کے مابین تعاون مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ قطر نیشنل پولیس اکیڈمی میں جدید فائرنگ رینج بھی بنائے گا اور دونوں وزارتوں نے باہمی رابطہ بہتر کرنے پر اتفاق کیا۔ نقوی نے اینٹی نارکوٹکس فورس کو جدید اسکینر فراہم کرنے پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔
آرمی چیف سے ملاقات
جمعرات کو بعد میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاسم منیر نے راولپنڈی میں شیخ خلیفہ سے ملاقات کی۔ فوج کے میڈیا ونگ کے مطابق انہوں نے خطے اور عالمی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ سیکیورٹی تعاون بڑھانے کے راستوں پر تبادلۂ خیال کیا، اور دونوں فریقوں نے خاص طور پر سیکیورٹی، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ادارہ جاتی تعاون میں تعلقات مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بیان کے مطابق قطری وزیر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔



