اسلام آباد (دی تھرسڈے ٹائمز) — اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی اور وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے جمعے کو کہا کہ نئے صوبوں کی تشکیل پر جاری بحث ریفرنڈم کے ذریعے نمٹائی جا سکتی ہے، جب کہ وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ ابھی کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں ہوا۔
پی ٹی آئی کو عمران خان کے فیصلے کا انتظار
قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ریفرنڈم عوامی رائے جاننے کا مؤثر طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا، “عوام کی مرضی اور رائے ہی غالب آنی چاہیے”، اور مزید کہا کہ کوئی بھی فیصلہ قانون اور آئینی طریقہٓ کار کے مطابق ہونا چاہیے۔
ڈوگر نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ چھوٹے صوبوں کے حامی رہے ہیں اور جنوبی پنجاب صوبہ پی ٹی آئی کے 2018 کے انتخابی منشور کا حصہ تھا۔ ان کے بقول، یہ حمایت کراچی کے الگ صوبے تک بھی جاتی ہے یا نہیں، اس پر پہلے پارٹی کے پارلیمانی فورم، سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی میں بات ہوگی، اور حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک پارلیمان میں باضابطہ مسودہ پیش نہیں ہوتا، پی ٹی آئی کوئی مؤقف اختیار نہیں کرے گی، اور 28ویں آئینی ترمیم کی باتیں اب تک صرف میڈیا تک محدود ہیں۔
حکومتی مؤقف
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر گفتگو کرتے ہوئے تارڑ نے کہا کہ ریفرنڈم کرانے میں کوئی حرج نہیں اور آئین قومی اہمیت کے معاملات پر ایسی رائے شماری کی گنجائش دیتا ہے۔ ان کے مطابق کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے عوام کو اپنی رائے دینے کا موقع ملنا چاہیے، اور اگر عوام مخالف ہوں تو تجویز ترک کر دی جانی چاہیے۔ ریفرنڈم کی تجویز وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے پیش کی تھی۔
راولپنڈی میں حنیف عباسی نے کہا کہ نئے صوبوں پر کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں ہوا اور کوئی بھی قدم عوامی حمایت، یا جہاں لاگو ہو وہاں ریفرنڈم، اور پارلیمان کے دونوں ایوانوں کی منظوری کا تقاضا کرے گا۔ انہوں نے اس معاملے پر خونریزی کی باتوں کو افسوس ناک قرار دیا اور پیپلز پارٹی کو قابلِ احترام اتحادی جماعت کہا۔ حنیف عباسی نے یہ بھی کہا کہ عام انتخابات بروقت 2029 میں ہوں گے۔
پیپلز پارٹی سندھ کی کسی بھی تقسیم کی سخت مخالف ہے۔ اس ہفتے کے آغاز میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ نئے صوبوں پر بات چیت اتفاقِ رائے کی طرف بڑھ رہی ہے۔



