راولپنڈی/اڈیالہ جیل (تھرسڈے ٹائمز) — دورانِ عدت غیر شرعی نکاح کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو مجرم ٹھہراتے ہوئے سات سات سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
دورانِ عدت غیر شرعی نکاح کیس میں سینئر سول جج قدرت اللّٰہ نے گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا ہے جس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدت کے دوران غیر شرعی نکاح کرنے پر مجرم قرار دیا گیا ہے جبکہ فیصلہ سنائے جانے کے وقت عمران خان اور بشریٰ بی بی کمرہِ عدالت میں موجود تھے۔
سول کورٹ کی جانب سے سابق چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کو دورانِ عدت غیر شرعی نکاح کیس میں سات سات سال قید کی سز سنائی گئی ہے جبکہ دونوں مجرمان پر پانچ پانچ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
دورانِ عدت غیر شرعی نکاح کیس کا فیصلہ گزشتہ روز عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف درخواست گزار اور بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا اور تین گواہان نکاح خواں مفتی سعید، عون چوہدری اور لطیف کے بیانات قلمبند کیے جانے کے بعد محفوظ کیا گیا تھا۔