گوجرانوالہ (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سپریم لیڈر میاں نواز شریف نے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پاکستان اپنے پیروں پر کھڑا نہیں ہو جاتا، پاکستان کے لوگ خوشحال نہیں ہو جاتے اور سب کے گھروں میں روشنیوں کے چراغ نہیں جلتے۔
میاں نواز شریف نے خطاب کا آغاز کیا تو جلسہ کے شرکاء نے “میاں صاحب آئی لو یو” کے نعرے شروع کیے جس کے جواب میں نواز شریف نے کہا کہ اگر آپ مجھے سے محبت کرتے ہیں تو پھر سن لو کہ نواز شریف بھی آپ سے محبت کرتا ہے، کچھ لوگ کہتے ہیں کہ پاکستان کی یوتھ کسی اور کے ساتھ ہے حالانکہ آج گوجرانوالہ کا جلسہ بتا رہا ہے کہ یوتھ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے، وہ یوتھ جو باشعور ہے اور بڑوں کیلئے عزت و احترام جانتی ہے وہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے۔
قائد مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ادوارِ حکومت میں کرپشن سب سے کم تھی، میں آپ کو یاد دلاتا ہوں کہ ہمارے دور میں روٹی، آٹا، چینی، پیٹرول، گھی، سبزیوں، دالوں کی قیمتیں بھی کم تھیں، ہمارے دور میں بجلی بھی سستی تھی، ہمارے دور میں ترقی کی رفتار 6 فیصد ہو گئی اور ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا جبکہ آئی ایم ایف نے کہا کہ اگر پاکستان اسی رفتار سے ترقی کرتا رہا تو پاکستان دنیا کی بہترین معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔
سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ جب ہم پاکستان میں سی پیک لائے اور جب ہم اربوں کی سرمایہ کاری لا رہے تھے تو مخالفین دھرنے دے رہے تھے، یہاں تمام ترقیاتی کام شہباز شریف نے کیے لیکن نام میرا لگا رہے ہیں، یہ بجلی کے کارخانے شہباز شریف نے لگائے تھے اور موٹرویز بھی شہباز شریف نے بنائی تھیں، اگر وہ سلسلہ قائم رہتا تو میں اللّٰه سے ڈر کر کہتا ہوں کہ آج پاکستان میں کوئی بھی شخص بےروزگار نہ ہوتا، لوگ خوشحال ہوتے اور ایک دوسرے سے ادھار نہ مانگ رہے ہوتے۔
میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں چھوٹی گاڑیاں 5 سے 10 لاکھ روپے میں ملتی تھیں جبکہ ہنڈا موٹر سائیکل 63 ہزار کا ملتا تھا، ٹریکٹر 8 لاکھ کا تھا جو آج 38 لاکھ کا ہے، آج تو لوگ بجلی کا بل بھی نہیں دے پا رہے، ہمارا دور سستا ترین دور تھا، سبزیاں دس دس روپے فی کلو ملتی تھیں، ڈالر 104 روپے کا تھا، مجھے نکالنے والا جج خود استعفیٰ دے کر گھر چلا گیا حالانکہ وہ آئندہ چیف جسٹس بننے والا جج تھا۔
سپریم لیڈر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ آپ نے ہر گز گھبرانا نہیں ہے، ہم سب آپ کے ساتھ ہیں اور انشاءاللّٰه ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پاکستان اپنے پیروں پر کھڑا نہیں ہو جاتا، جب تک پاکستان کے لوگ خوشحال نہیں ہو جاتے اور سب کے گھروں میں روشنیوں کے چراغ نہیں جلتے تب تک نواز شریف چین سے نہیں بیٹھے گا، انشاءاللّٰه ہم پاکستان سے بےروزگاری اور غربت کا خاتمہ کریں گے۔