حیدر آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آپ سے پتنگ کو ووٹ دینے کا کہا جائے تو آپ نے جواب دینا ہے کہ ہم ’’را‘‘ سے پیسہ لے کر پاکستان میں سیاست کرنے والوں کو ووٹ نہیں دیتے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ میں جیالوں کے ساتھ ہوں، حیدرآباد کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں کیونکہ حیدرآباد کے عوام نے کبھی سر نہیں جھکایا، جو سیاسی جماعتیں ہمارا مقابلہ کرنا چاہتی ہیں آپ انہیں اچھی طرح سے جانتے ہیں، آپ ان کی اصلیت جانتے ہیں اور ان سیاسی جماعتوں کا ماضی بھی جانتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حیدرآباد نے مجھ پر اعتماد کیا اور پیپلز پارٹی کو جتوایا، آپ نے بلدیاتی انتخابات میں حیدرآباد کا میئر جیالا منتخب کرایا، ہمارے مخالفین صرف نفرت، تشدد اور تقسیم کی سیاست جانتے ہیں، حیدر آباد کے عوام نفرت کی سیاست سے بہت نقصان اٹھاتے رہے ہیں، آپ نے ووٹ کی طاقت سے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کرنا ہے۔
سابق وزیرِ خارجہ نے کہا کہ وفاق میں ایک جماعت نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہی ہے، وہ صرف سیاسی انتقام لینا چاہتی ہے اور اس میں نقصان پاکستان کا ہو رہا ہے، ہم عوام کو متحد کر کے مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں، آپ کے ووٹ کی طاقت سے تمام مخالفین کا مقابلہ کریں گے اور فتح پیپلز پارٹی اور عوام کی ہو گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان پر انڈیا کی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ انیلسز ونگ (را) سے فنڈنگ حاصل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو کہا جائے کہ پتنگ کو ووٹ دیں تو آپ نے جواب دینا ہے کہ ہم ’’را‘‘ سے پیسہ لے کر پاکستان میں سیاست کرنے والوں کو ووٹ نہیں دیتے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر حکومت ملتی ہے تو میرا وعدہ ہے کہ عوامی معاشی معاہدہ پر عملدرآمد کروں گا، آپ مجھے منتخب کرتے ہیں تو عوام کی آمدن دگنی کر کے دکھاؤں گا۔ پاکستان میں ہر سال اشرافیہ کو ایک ہزار پانچ سو ارب روپے کی سبسڈی دی جاتی ہے، پیپلز پارٹی کا وعدہ ہے کہ وہ سبسڈی اشرافیہ سے چھین کر غریب عوام کو دیں گے۔