اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا سلسلہ جاری ہے، اور بینچ مارک ہنڈرڈ انڈیکس نے تاریخ میں پہلی مرتبہ 99,000 پوائنٹس کی سطح کو عبور کر لیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مزید نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس میں ہنڈرڈ انڈیکس 2,040.36 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 99,600 کی سطح پر پہنچ گیا، جو 2.1 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔ دن کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 99,623.03 رہی، جبکہ کم ترین سطح 97,835.39 پوائنٹس پر ریکارڈ کی گئی۔ اس دن تقریباً 241,145,262 حصص کا کاروبار ہوا، جس کی کل مالی قدر 16,213,005,609 روپے رہی۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں اس شاندار اضافے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد ملکی معیشت پر مزید مضبوط ہوا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ حکومتی پالیسیوں اور معاشی استحکام کے عزم کا نتیجہ ہے، جو نہ صرف مارکیٹ کو استحکام فراہم کر رہا ہے بلکہ ملکی معیشت کے لیے بھی ایک مثبت اشارہ ہے۔ سرمایہ کاروں کی مسلسل دلچسپی اور مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی سرگرمیاں معیشت کی بحالی کے امکانات کو بھی تقویت دے رہی ہیں۔