نیویارک (تھرسڈے ٹائمز) — امریکی جریدہ ’’بلومبرگ‘‘ کے مطابق پاکستان نے رواں ہفتے بھارت کے خلاف ایک اور بڑی سفارتی کامیابی حاصل کی ہے، جس نے نئی دہلی کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
پیر کے روز ایک بین الاقوامی ثالثی پینل نے پاکستان اور بھارت کے درمیان دریائی پانی کے استعمال سے متعلق کئی دہائیوں قبل طے پانے والے سندھ طاس معاہدے کو بدستور نافذ العمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا۔ بھارت نے گزشتہ برس پاکستان پر ایک دہشتگرد حملے کا الزام عائد کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بلومبرگ کے مطابق بھارت نے ثالثی پینل کے فیصلے کو فوری طور پر مسترد قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ معاملہ متعلقہ عدالت کے دائرہِ اختیار میں نہیں ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں حکام نے اِس فیصلے کو پاکستان کے مؤقف کی بڑی توثیق قرار دیا ہے۔ اگرچہ ابھی عملی طور پر واضح نہیں کہ فیصلے پر کس حد تک عملدرآمد کرایا جا سکتا ہے، تاہم سفارتی سطح پر یہ پاکستان کیلئے ایک اور اہم کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور طاقتور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے گزشتہ ایک برس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کیے ہیں۔ پاکستانی قیادت نے واشنگٹن کے ساتھ اپنے تعلق اور تہران کے ساتھ دیرینہ روابط کو استعمال کرتے ہوئے امریکا ایران جنگ میں ایک غیر متوقع مگر اہم ثالث کے طور پر اپنی جگہ بنائی ہے۔
پاکستان نے مسلم ممالک، بالخصوص سعودی عرب، کے ساتھ اپنے تعلقات کو بھی بتدریج مزید مضبوط کیا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب نے حال ہی میں ایک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس میں بعد ازاں ترکیہ بھی شامل ہوا اور اب اُسے ”مکہ ڈیفینس الائنس“ کا نام دیا گیا ہے۔
معاہدے کے تحت کسی ایک رکن مُلک پر مسلح حملہ تمام رکن ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ رواں ہفتے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے اتحاد کے باقاعدہ ڈھانچے کو حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا ہے، جس کے تحت سیکرٹریٹ سعودی عرب میں قائم ہو گا جبکہ اتحاد کے پہلے سیکرٹری جنرل کا تقرر پاکستان کرے گا۔
نئی دہلی میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی اہمیت کو گہری نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔ ایک جانب بھارت تاحال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ساتھ تجارتی معاہدے تک پہنچنے میں مشکلات کا شکار ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان یہ معاہدہ ایک سال سے بھی زیادہ عرصہ قبل کر چکا ہے۔
بلومبرگ کے مطابق ایسے وقت میں جب بھارت واشنگٹن کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات میں پیش رفت کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، پاکستان سفارتی محاذ پر مسلسل کامیابیاں سمیٹتا دکھائی دے رہا ہے۔



