spot_img

تجزیہ: بنگلہ دیش کا چینی جے 10 سی ای لڑاکا طیارے خریدنے کا منصوبہ، پاک بھارت جنگ میں کارکردگی کو اہم وجہ قرار دے دیاب

بنگلہ دیش جدید چینی لڑاکا طیارے ”جے 10 سی ای“ خرہدنے کے منصوبہ پر عمل پیرا ہے، اُس نے پاک بھارت جنگ 2025 میں کارکردگی کو اہم وجہ قرار دیا ہے۔ بنگلہ دیش کے مطابق یہ طیارے یورپی متبادل طیاروں سے کم قیمت مگر فیسں ٹو فیس فضائی جنگ میں اُن سے بہتر ہیں۔

ڈھاکا (تھرسڈے ٹائمز) — بلومبرگ کے مطابق بنگلہ دیش نے چین کے جدید ”جے 10 سی ای“ لڑاکا طیاروں کی خریداری کے منصوبہ پر پیش رفت تیز کر دی ہے، جبکہ ایک سینیئر حکومتی عہدیدار نے 2025 کے پاک بھارت فوجی تنازع کے دوران اِن طیاروں کی عملی کارکردگی کو خریداری کی اہم وجہ قرار دیا ہے۔

بنگلہ دیشی حکومت کی قائم کردہ مذاکراتی کمیٹی نے کثیر المقاصد چینی لڑاکا طیاروں کی خریداری کیلئے معاہدے کا ابتدائی مسودہ مکمل کر لیا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے پالیسی و حکمتِ عملی اور اطلاعات زاہدالرحمٰن نے بھی منگل کو ڈھاکا میں میڈیا بریفنگ کے دوران اِس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔

بلومبرگ کے مطابق ”جے 10 سی ای“ لڑاکا طیاروں کی ممکنہ خریداری بنگلہ دیش کی مسلح افواج کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ایک وسیع منصوبہ کا حصہ ہے۔ تاہم زاہدالرحمٰن نے یہ نہیں بتایا کہ بنگلہ دیش کتنے طیارے خریدنے کا ارادہ رکھتا ہے اور اُن کی مجموعی مالیت کتنی ہو گی۔

دفاعی خریداری کے اِس اہم مںصوبے میں صرف لڑاکا طیارے ہی شامل نہیں بلکہ بنگلہ دیش ایئر فورس کیلئے اٹیک ہیلی کاپٹرز کے علاوہ وی آئی پی ہیلی کاپٹرز اور بغیر پائلٹ فضائی نظام (یعنی ڈرون سسٹمز) کی خریداری بھی زیرِ غور ہے۔

بنگلہ دیشی وزیراعظم کے مشیر برائے پالیسی و حکمتِ عملی اور اطلاعات نے کہا ہے کہ اگر رواں مالی سال کے دوران مطلوبہ فنڈز دستیاب ہوئے تو اِن منصوبوں کو آگے بڑھایا جائے گا، بصورتِ دیگر یہ خریداری اگلے بجٹ سائیکل تک مؤخر کی جا سکتی ہے۔

اُنہوں نے چینی ساختہ لڑاکا طیاروں کے انتخاب کے حوالہ سے 2025 کے پاک بھارت فوجی تنازع کے دوران حاصل ہونے والے ”حقیقی جنگی تجربہ“ کا بھی خصوصی ذکر کیا۔

پاکستان نے اِس تنازع کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ اُس نے بھارت کے فرانسیسی ساختہ رافیل لڑاکا طیاروں سمیت کئی جنگی طیاروں کو مار گرایا۔ بھارت کی جانب سے اپنے طیارے ضائع ہونے کی تصدیق تو کی گئی، تاہم تعداد ظاہر نہیں کی گئی۔

بلومبرگ کے مطابق، زاہدالرحمٰن نے کہا کہ چین کے لڑاکا طیارے اِسی معیار کے یورپی متبادل طیاروں، بشمول فرانسیسی رافیل اور یورو فائٹر ٹائیفون، کے مقابلہ میں کم قیمت ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ کم قیمت ہونے کے باوجود چینی طیاروں نے براہِ راست آمنے سامنے فضائی جنگ کے حالات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے ”جے 10 سی ای“ کی ممکنہ خریداری خطہ میں چین کے دفاعی ساز و سامان کے بڑھتے ہوئے کردار کی بھی عکاسی کرتی ہے۔ یہ وہی جدید برآمدی ورژن ہے جس کے طیارے پاکستان فضائیہ کے بیڑے میں بھی شامل ہیں، جبکہ ڈھاکا اب اپنی فضائی صلاحیتوں کو جدید بنانے کیلئے اِسی پلیٹ فارم پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔

خبریں

More from The Thursday Times