ریڈمنڈ، واشنگٹن (تھرسڈے ٹائمز) — مائیکروسافٹ جمعہ کو بھی آؤٹ لک اور اپنی دیگر دفتری سروسز بحال کرنے کیلئے کوشاں رہا، تقریباً ایک دن پہلے ایک عالمی بندش نے درجنوں ممالک میں صارفین کی ای میل منقطع کر دی تھی اور سرکاری دفاتر، ایئر لائنز اور ہسپتالوں کا کام متاثر ہوا تھا۔
مسائل جمعرات کو تقریباً 16:00 جی ایم ٹی، یعنی پاکستان میں رات 9 بجے شروع ہوئے، جب صارفین نے شکایت کی کہ وہ آؤٹ لک نہیں کھول پا رہے۔ ٹیمز اور کمپنی کا مصنوعی ذہانت کا معاون کوپائلٹ بھی متاثر ہوئے۔ جمعرات کی شام تک بندش پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر پر 74 ممالک سے آؤٹ لک کے مسائل کی تقریباً ایک لاکھ 40 ہزار شکایات درج ہو چکی تھیں۔ اصل تعداد اِس سے کہیں زیادہ ہونے کا امکان ہے، کیونکہ یہ ویب سائٹ صرف اُن لوگوں کو شمار کرتی ہے جو خود خرابی کی اطلاع دیتے ہیں۔
مائیکروسافٹ کے مطابق اُس کے بڑی تعداد میں سرورز “غیر متوقع طور پر دستیاب نہیں رہے”، جس سے باقی سرورز پر “اضافی بوجھ” پڑا، اور یہ اضافی دباؤ ٹریفک بڑھنے کی وجہ سے نہیں تھا۔ کمپنی نے رات کو کہا کہ اُس کے اقدامات “توقع کے مطابق کارگر نہیں ہو رہے”۔ جمعہ کو اُس نے “استحکام کے ابتدائی آثار” کی اطلاع دی، تاہم کہا کہ گنجائش ابھی معمول پر نہیں آئی۔ کمپنی ایک نیٹ ورک تبدیلی بھی واپس لے رہی تھی، لیکن اُس نے یہ نہیں بتایا کہ آیا بندش کی وجہ وہی تبدیلی تھی۔
مائیکروسافٹ کے مطابق سائبر حملہ نہیں
کمپنی نے سائبر حملے کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔ مائیکروسافٹ میں کوپائلٹ، ایجنٹس اور پلیٹ فارم کے ایگزیکٹو نائب صدر چارلس لامانا نے جمعرات کی رات ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ “اِس بات کا کوئی اشارہ نہیں کہ یہ کسی بدنیتی پر مبنی یا سائبر سرگرمی کا نتیجہ ہے”۔
آسٹریلیا کے وزیرِ داخلہ ٹونی برک نے کہا کہ مائیکروسافٹ نے اُنہیں بھی یہی بتایا ہے۔ اُنہوں نے اِس خرابی کا موازنہ 2024 کی کراؤڈ سٹرائیک بندش سے کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے خیال میں اُسے “ایک ایسی اپ ڈیٹ کا سامنا ہے جو بگڑ گئی ہے”۔
سنگاپور اور جاپان میں سرکاری نظام متاثر ہوئے، جبکہ فلپائن کی سپریم کورٹ کا رابطہ نظام بھی متاثر ہوا۔ آسٹریلیا میں مُلک کی جاسوسی ایجنسی اور وفاقی پولیس متاثرہ اداروں میں شامل تھیں۔ برطانیہ میں ڈاکٹروں کے کلینکس، فارمیسیوں، پولیس فورسز اور سکولوں نے مسائل کی اطلاع دی، اور ایئر لائنز نے مسافروں کیلئے ہدایات جاری کیں۔ یہ بندش مائیکروسافٹ کی سروسز پر انحصار کرنے والی کمپنیوں تک بھی پہنچی، اور اوپن اے آئی اور اینتھروپک دونوں نے مسائل کی اطلاع دی۔
“ایک کاروباری دن ضائع”
مائیکروسافٹ کی ویب سائٹ کے مطابق 43 کروڑ سے زیادہ لوگ مائیکروسافٹ 365 ایپس استعمال کرتے ہیں۔ مائیکروسافٹ نے یہ نہیں بتایا کہ کتنے صارفین متاثر ہوئے۔
سکائپ اور اوبر کے سابق سینئر انجینئر گرگلی اوروش نے کہا کہ یہ کاروباری ای میل کی “اب تک کی” “سب سے زیادہ خلل ڈالنے والی” بندش ہو سکتی ہے، اور اُنہیں یاد نہیں کہ کسی بندش کو ٹھیک ہونے میں اتنا وقت لگا ہو۔ نیوزی لینڈ کی مشاورتی فرم گوریلا ٹیکنالوجی کے پال سپین نے کہا کہ بہت سی کمپنیوں کا عملاً “ایک کاروباری دن ضائع ہو گیا”۔



