راولپنڈی (دی تھرسڈے ٹائمز) — سعود شکیل میچ میں دوسری بار سنچری سے محروم رہے اور 97 رنز پر آؤٹ ہو گئے، جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ جمعہ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ڈرا پر ختم ہو گیا۔
پہلی اننگز میں 93 رنز بنانے والے سعود شکیل نے 210 گیندوں کا سامنا کیا اور سات چوکوں کی مدد سے 97 رنز بنائے۔ اُن کے آؤٹ ہوتے ہی دونوں ٹیموں نے ہاتھ ملا لیے، اُس وقت پاکستان کا دوسری اننگز میں سکور 284 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ تھا اور میچ کا فیصلہ کسی کے بس میں نہیں رہا تھا۔
پاکستان نے آخری روز صبح 57 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی، اُس وقت برتری 45 رنز تھی، تاہم اذان اویس 22 اور محمد طحہٰ 24 رنز پر اپنے سکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر آؤٹ ہو گئے۔ لہیرو کمارا اور آسیتھا فرنینڈو نے ایک ایک وکٹ لی۔
بابر اعظم نے چھ چوکوں کی مدد سے 48 گیندوں پر 34 رنز بنائے، جس کے بعد میلان رتھنائیکے نے اُنہیں آؤٹ کیا، رتھنائیکے نے آغا سلمان کو بھی 13 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔ 125 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے سے پاکستان مشکل میں تھا۔
سعود شکیل نے غازی غوری کے ساتھ چھٹی وکٹ پر 92 رنز کی شراکت سے اننگز کو سنبھالا۔ غازی غوری 69 گیندوں پر 35 رنز بنا کر رتھنائیکے ہی کا شکار بنے۔ عرفات منہاس نے 16 رنز کا اضافہ کیا۔
یہ میچ ثاقب خان کے ڈیبیو کی وجہ سے یاد رکھا جائے گا۔ 31 سالہ فاسٹ بولر نے 130 رنز دے کر سات وکٹیں لیں، جن میں سے پانچ آٹھ اوورز کے شاندار سپیل میں آئیں، اور سری لنکا کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گریں اور پوری ٹیم 446 رنز پر آؤٹ ہو گئی، یوں اُسے صرف 12 رنز کی برتری ملی۔
دھننجایا ڈی سلوا کے 167 اور کپتان کوسال مینڈس کی سنچری کے بعد 404 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر سری لنکا بڑی برتری کی جانب بڑھتا دکھائی دے رہا تھا، مینڈس نے 119 رنز بنائے تھے۔ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 434 رنز نو کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی، جس میں ٹاپ پانچ میں سے چار بلے بازوں نے نصف سنچریاں بنائیں۔
بارش اور کم روشنی کے باعث خاصا وقت ضائع ہوا، جن میں جمعرات کے تقریباً دو سیشن بھی شامل تھے، جس کی وجہ سے نتیجے کیلئے کافی کھیل باقی نہ رہا۔
سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ بھی منگل سے راولپنڈی ہی میں کھیلا جائے گا، جسے لاہور میں سموگ کے باعث وہاں سے منتقل کیا گیا تھا۔



