پوناگیون (دی تھرسڈے ٹائمز) — عینی شاہدین اور ایک امدادی کارکن نے ہفتے کو بتایا کہ میانمار کے مغربی صوبے راخائن میں خانہ جنگی سے بے گھر ہونے والے افراد کے ایک کیمپ پر فوج کے فضائی حملے میں ایک پانچ سالہ بچے سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
جمعہ کی شام بم صوبائی دارالحکومت سِتوے کے شمال مشرق میں پوناگیون ٹاؤن شپ کے بیار لا کیمپ پر گرے۔ امدادی اور ہنگامی خدمات فراہم کرنے والی تنظیم فیوسن ین کھون فاؤنڈیشن کے سربراہ کھائن ہین ہٹیٹ نے ہلاکتوں کی تصدیق کی اور بتایا کہ 18 افراد زخمی ہوئے۔ کیمپ کے بہت سے مکین چار سال سے وہاں رہ رہے تھے۔
انہوں نے کہا، ”لوگ سمجھتے تھے کہ کیمپ محفوظ ہے، اس لیے وہ وہاں اکٹھے پناہ لیے ہوئے تھے۔ جب ہم موقع پر پہنچے تو زیادہ تر متاثرین ایک ہی جگہ دم توڑ چکے تھے۔“ ان کا کہنا تھا کہ یہ علاقہ لڑائی کا علاقہ نہیں تھا۔
27 سالہ دکاندار چٹ سو وائی نے بتایا کہ حملے میں ان کی بیٹی، خالہ، اور والدہ ہلاک ہو گئیں۔ انہوں نے کہا، ”ہمیں لڑاکا طیارے کی آواز تک سنائی نہیں دی — وہ بس آیا اور بم گرا دیے۔“
عارضی قبروں میں تدفین
ہفتے تک کیمپ بانس کی گری ہوئی جھونپڑیوں کا ملبہ بن چکا تھا، جہاں بکھرے ہوئے گھریلو سامان اور کپڑوں کے بیچ ایک الٹی ہوئی گاڑی پڑی تھی۔ مکینوں نے لاشیں پلاسٹک کی چادروں میں لپیٹ کر عارضی قبروں میں دفنا دی تھیں۔
45 سالہ ٹک ٹک ڈرائیور آنگ کیاو من نے بتایا کہ ان کی والدہ، بہن، اور بھائی سب مارے گئے، جبکہ ان کی ایک بھانجی اور کئی بھانجے اب بھی لاپتہ ہیں۔ فوج کی جانب سے کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
مقامی اطلاعات کے مطابق جمعرات کو راخائن کے ایک اور قصبے مراؤک یو میں محکمۂ تعلیم کے دفتر پر ایک الگ فضائی حملے میں ایک یونیورسٹی طالب علم سمیت دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
ناکہ بندی کا شکار صوبہ
میانمار 2021 میں فوج کی جانب سے بغاوت کے ذریعے اقتدار پر قبضے کے بعد سے جنگ کی لپیٹ میں ہے، جس کے خلاف جمہوریت کے حامی کارکنوں اور نسلی مسلح گروہوں نے ہتھیار اٹھا لیے۔ راخائن، جو تقریباً مکمل طور پر اراکان آرمی کے کنٹرول میں ہے، فوج کی ناکہ بندی کا شکار ہے اور اس پر اکثر فضائی حملے ہوتے ہیں۔
یہ صوبہ روہنگیا مسلم اقلیت کا بھی وطن ہے، جن میں سے سات لاکھ سے زیادہ افراد 2017 میں فوجی کریک ڈاؤن کے دوران سرحد پار کر کے بنگلہ دیش چلے گئے تھے۔ تنازعات پر نظر رکھنے والے ادارے ایکلڈ (ACLED) کے اندازے کے مطابق خانہ جنگی کے آغاز سے اب تک تمام فریقوں کے ایک لاکھ سے زیادہ افراد مارے جا چکے ہیں۔



