واشنگٹن (تھرسڈے ٹائمز) — ناسا نے کہا ہے کہ اس کی نیل گیرلز سوئفٹ رصدگاہ لانچ کے تقریباً 22 سال بعد بدھ کو انڈونیشیا کے اوپر فضا میں داخل ہو کر زمین پر واپس گر گئی ہے۔
ناسا کے مطابق امریکی اسپیس فورس نے شمالی سماٹرا کے علاقے کے اوپر امریکی مشرقی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 39 منٹ، یعنی پاکستان میں شام 5 بج کر 39 منٹ پر، اس کے فضا میں داخل ہونے کی تصدیق کی۔ ناسا کو توقع تھی کہ خلائی جہاز کا زیادہ تر حصہ گرتے ہوئے جل جائے گا، تاہم اس کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کچھ پرزے بچ گئے ہوں۔ بیان میں کسی نقصان یا زخمی ہونے کا ذکر نہیں کیا گیا۔
1,500 کلوگرام وزنی یہ رصدگاہ اس ہفتے کے آغاز میں بتائی گئی جمعے کی تاریخ سے پہلے ہی گر گئی۔ اسے بلند مدار میں لے جانے کا تجارتی مشن منسوخ ہونے کے بعد یہ بہت نیچے آ گئی تھی، اور اس کے پاس واپس اوپر جانے کے لیے اپنا انجن نہیں تھا۔
2004 میں دو سالہ مشن کے لیے لانچ کی گئی سوئفٹ کو کائنات کے طاقتور ترین دھماکوں، گاما رے برسٹس، کو پکڑنے کے لیے بنایا گیا تھا۔ وہ تیزی سے ہر دھماکے کی طرف مڑتی اور دوسری رصدگاہوں کو خبردار کرتی تھی۔ اس نے دو دہائیوں سے زیادہ کام کیا اور بلیک ہولز، بھڑکتے ستاروں اور سپرنووا کا بھی مطالعہ کیا۔



