مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مشکلات سے باہر نکلے گا اور ہم اسے نکالیں گے اسے اپنے پاوں پر دوبارہ ان شا اللہ کھڑا کرینگے ہم نے پہلے بھی پاکستان کی خدمت کی ہے اور آئیندہ بھی کرینگے۔
ن لیگی قائد نے کہا کہ پاکستان کا “میڈ مین” جو اسکا حشر کرگیا ہے اسکے چار برس کا مقابلہ میری حکومت کے چار برس سے کریں اور دیکھیں کے میرے دور میں لوگ کتنے خوشحال تھے لیکن اس نے پاکستان اور اسکے لوگوں کا کیا حشر کردیا اور پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔
میاں نواز شریف نے مزید کہا کہ میرا گوجرانوالہ کا جلسہ یاد کریں جس میں میں نے ہر بات کھول کر رکھ دی تھی میں نے بتا دیا تھا کہ کس کس خرابی کا کون کون ذمہ دار ہے۔
قائد ن لیگ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ جو ستم ظریفیاں ہوئیں جو ظالمانہ سلوک کیا گیا اسکو بتانا عوام تک پہنچانا میری ذمہ داری ہے اور ان سب کو اب درست کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔
ن لیگی قائد نے کہا کہ چند کرداروں نے اپنی ذات کے گرد پاکستان کو گھمایا اور قوم کے ساتھ گھناونا مذاق اور کھلواڑ کیا۔